کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پریکٹس، پشاور زلمی کا آرام

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 17 مارچ 2019
فائنل دلچسپ ثابت ہوگا(رچرڈز)واٹسن اورعمراکمل سے امیدیں ہیں،اعظم خان۔ فوٹو: فائل

فائنل دلچسپ ثابت ہوگا(رچرڈز)واٹسن اورعمراکمل سے امیدیں ہیں،اعظم خان۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی ایس ایل فور فائنل سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا جب کہ مسلسل2روز میچ کھیلنے والی ٹیم پشاور زلمی نے ہوٹل میں آرام کو ترجیح دی۔

کپتان سرفراز احمد نے میڈیا کو بتایا کہ اسپنرکے ہونٹوں پر ہنوز سوجن ہے، اگر وہ فٹ نہ ہوئے توانھیں اتوار کو میدان میں اتارنے کا خطرہ مول نہیں لیں گے، واضح رہے کہ فواد احمد پشاورزلمی کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

دریں اثنا اپنے دور کے عظیم بیٹسمین اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے مینٹور سر ویوین رچرڈز نے کہا ہے کہ اتوارکو پی ایس ایل فورکا فائنل دلچسپ ثابت ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے کہا کہ کراچی کے بہترین کراؤڈ کو شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا،مجھے قوی امید ہے کہ میری ٹیم کامیابی سے ہمکنارہوگی۔

دوسری طرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے منیجر اعظم خان نے کہا کہ ہم کامیابی کے لیے بہت پُرامید ہیں، ہمارے بولرز حریف ٹیم کورنز بنانے سے روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ ہماری بیٹنگ لائن بھی ہدف کو پانے کی اہل ہے، ہمیں شین واٹسن اور عمر اکمل سے بہت امیدیں ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔