مہوش حیات کی فلم ’چھلاوا‘ کا دھماکے دار ٹریلر جاری

ویب ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
 فلم ’ چھلاوا‘ رواں سال عیدالفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

فلم ’ چھلاوا‘ رواں سال عیدالفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

 کراچی: تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ مہوش حیات کی آنے والی فلم ’چھلاوا‘ کے ٹیزر کے بعد دھماکے دار ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔

مہوش حیات کی فلم ’چھلاوا‘ کا اُن کے مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا اور اب ٹیزر کے بعد فلم کا آفیشل ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس فلم میں مہوش حیات زویا رفاقت چوہدری کا کردار ادا کر رہی ہیں جس میں اُن کے مد مقابل اصفر رحمان سمیر کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

https://twitter.com/MehwishHayat/status/1120400514989133826

فلم ’چھلاوا‘ کے 3 منٹ اور 21 سیکنڈ کے اس ٹریلر میں کامیڈی، رقص اور آخر میں ایکشن کے ساتھ سسپنس بھی دکھایا گیا ہے۔ فلم کے اس ٹریلر کی ابتداء مہوش حیات سے شروع  ہوتی ہے جوکہ اپنی والدہ کو خط لکھتی ہیں جس میں وہ والدہ کو بتاتی ہیں کہ اُن کے والد جلال چوہدری سے شادی کرانا چاہتے ہیں جس کے بعد اس فلم میں سمیر کا کردار نبھانے والے اصفر رحمان کی انٹری دکھائی گئی ہے جوکہ اپنے دوست اسد صدیقی کے ساتھ مہوش حیات کے گھر پنجاب جاتے ہیں۔

ٹریلر میں خوبرو اداکارہ زارہ نور بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آرہی ہیں، فلم کے اختتام میں مہوش حیات اور اصفر رحمان کی جدائی کی وجہ سے ایکشن اور سسپنس بھی دکھایا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: مہوش حیات کی فلم ’’چھلاوا‘‘ کا ٹیزر منظرعام پر آگیا

واضح رہے کہ وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چھلاوا‘ میں مہوش حیات، اصفر رحمان، زارا نور عباس، اسد صدیقی، محمود اسلم،عاشر وجاہت اور عدنان شاہ ٹیپو شامل ہیں۔ فلم رواں سال عیدالفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔