مہوش حیات کی فلم ’’چھلاوا‘‘ کا ٹیزر منظرعام پر آگیا

ویب ڈیسک  جمعرات 28 مارچ 2019
فلم ’’چھلاوا‘‘عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، فوٹوسوشل میڈیا

فلم ’’چھلاوا‘‘عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، فوٹوسوشل میڈیا

کراچی: اداکارہ مہوش حیات کی فلم ’’چھلاوا‘‘ کا ٹیزر منظر عام پر آگیا جس میں مہوش حیات اور اظفر رحمان کی خوبصورت کیمسٹری نے شائقین کے دل جیت لیے۔

اداکارہ مہوش حیات اوراظفررحمان کی فلم ’’چھلاوا‘‘ کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے ہیں، طویل انتظار کے بعد ’’چھلاوا‘‘کا ٹیزر منظرعام پر آگیا۔ ٹیزر میں مہوش حیات اوراظفر رحمان کے درمیان خوبصورت کیمسٹری دکھائی گئی ہے جب کہ دونوں کی شادی کے مناظر بھی ٹیزر میں شامل ہیں تاہم ایک منٹ 19 سیکنڈ کے ٹیزر میں جہاں مہوش حیات کامیڈی کرتی نظرآرہی ہیں وہیں ان کے کافی جذباتی سین بھی ہیں۔

ٹیزر کو دیکھ کر فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے تاہم فلم میں شادی کے مناظر، جذباتی سین، کامیڈی اور مہوش حیات کے  آئٹم نمبر سمیت وہ تمام مصالحہ موجود ہے جو ایک کمرشل فلم کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

ہدایت کار وجاہت رؤف کی فلم’’چھلاوا‘‘میں اداکارہ مہوش حیات اور اظفر رحمان کے علاوہ اداکارہ زارا نور عباس، اسد صدیقی، عاشر وجاہت، محمود اسلم اورعدنان شاہ شامل ہیں۔ فلم عید الفطر کے موقع پر فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم’’مولاجٹ‘‘کے ساتھ ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔