دعوے سے کہتا ہوں میں ہر حکومت کا حصہ بن سکتا ہوں، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اپريل 2019
معاشرہ تنزلی کا شکار ہے یہاں سب بک رہے ہیں اور بکتے ہیں، چوہدری نثار۔ فوٹو : فائل

معاشرہ تنزلی کا شکار ہے یہاں سب بک رہے ہیں اور بکتے ہیں، چوہدری نثار۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: سینیئر سیاسی رہنما چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ میں ہر حکومت کا حصہ بن سکتا ہوں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوسی لوہدراں میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مجھے بہت سی پیشکشیں ہوئیں لیکن میں نے انہیں جھٹلا دیا، ذرا سی بات کی تشہیر ہوجاتی اور میں تشہیر کا قائل ہوں، جن لوگوں نے نیا شوشہ چھوڑا اور جو مجھے وزیراعلٰی پنجاب بنانا چاہتے ہیں وہی اس بات کا جواب دیں، میں دعوے سے کہتا ہوں کہ میں ہر حکومت کا حصہ بن سکتا ہوں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کل تک عمران خان  دوسری پارٹیوں پر تنقید کرتے تھے انہوں نے چند ماہ میں ریکارڈ قرضے لے لیے، معاشرہ تنزلی کا شکار ہے یہاں سب بکتے ہیں اور بک رہے ہیں، عوام چہرے بدلنے والوں کو قبول کرتے ہیں، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہوگئی ہے، میرے والد کہا کرتے تھے کہ ہمارے دور میں برے لوگ انگلیوں پر گنے جاتے تھے اب اچھے لوگ انگلیوں پر گنے جاتے ہیں۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ اقتدار کی خواہش نہیں اب روزہ رکھا ہوا ہے آپ یقین کریں جب افطاری ہوگی تو مزہ آئے گا،  سیاست عہدے کے لیے نہیں عوام کے لیے کرتا ہوں، اگر عوام میرے ہاتھ پر ہاتھ رکھیں اور تمام مشکلات دور کرسکتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔