احمد فراز دلوں پر راج کرنیوالا3 نسلوں کا شاعر ہے، شعرا

عمیر علی انجم  اتوار 25 اگست 2013
 کا کہنا ہے کہ احمد فراز3 نسلوں کا چہیتا شاعر ہے۔ فوٹو : فائل

کا کہنا ہے کہ احمد فراز3 نسلوں کا چہیتا شاعر ہے۔ فوٹو : فائل

کراچی:  کئی برس اپنی شاعری سے دلوں پر راج کرنے والے ممتاز شاعر احمد فراز کی آج پانچویں برسی منائی جا رہی ہے۔

احمد فراز کے قریبی دوستوں اور پاکستان کے ممتاز شعرا کا کہنا ہے کہ احمد فراز3 نسلوں کا چہیتا شاعر ہے، ممتاز ترقی پسند شاعر حمایت علی شاعر کا کہنا ہے کہ احمد فراز اس عہد کا بہت بڑا حوالہ ہے، فیض کے بعد جو محبوبیت انھیں ملی وہ کسی کو بھی نہیں مل سکی، ممتاز شاعر امجد اسلام امجد نے کہا کہ فرازکے لیے ایک دو جملے کہنا زیادتی ہوگی، وہ اتنا پیارا انسان تھا کہ اس کے حوالے سے کئی دن تک بھی باتیں کی جائیں توکم ہے، 1970 کے بعد کی جو ہماری شعری روایت ہے اس میں3 ہی بڑے نام ہیں۔

ان میں احمد فراز، منیر نیازی اور جون ایلیا سرفہرست ہیں، احمد فراز کو خدا نے بہت صلاحیتوں سے نوازا تھا، وہ ان خوش قسمت لوگوں میں سے تھے جنھیں چاہنے والے لاتعداد انسان تھے، ایسا اکثرکم ہی ہوتا ہے، اصغر ندیم سید نے کہا کہ مجھے فراز صاحب بہت یاد آرہے ہیں، احمد فراز3 نسلوں کے شاعر ہیں، ایک فیض کی نسل دوسری میری اور تیسری نئی نسل اور بڑی بات یہ ہے کہ فراز سب کے محبوب شاعر ہیں۔

ممتاز شاعرہ کشور ناہید کا کہنا تھا کہ احمد فراز نے غزلیں لکھیں تو کمال کیا، نظمیں لکھیں تو ان کا جواب نہیں، فراز کو پڑھ کر طبیعت خوشگوار ہو جاتی ہے، عباس تابش کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا آج بھی یقین نہیں ہے کہ فراز ہم میں موجود نہیں ہیں، انھیں جب بھی پڑھتا ہوں ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے یادآٓجاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔