شہباز شریف کا بس نہیں چلتا ورنہ قومی اسمبلی سے لندن تک پل بنا دیں، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  بدھ 12 جون 2019
حکومت پنجاب ساڑھے7ارب روپے میٹروچلانے کیلئے دے رہی ہے،فواد چودھری، فوٹو: فائل

حکومت پنجاب ساڑھے7ارب روپے میٹروچلانے کیلئے دے رہی ہے،فواد چودھری، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ابھی تو شہباز شریف کا بس نہیں چلتا ورنہ قومی اسمبلی سے لندن تک پل بنا دیں۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ادارے پی سی آر ڈبلیو آر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ نے کئی مضحکہ خیز کام کیے ہیں ،ہر سڑک پر پل بنا دیا گیا، شہبازشریف کا بس چلے تو لندن اور پیرس میں بھی پل بنا دیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ملک میں لوٹ مار کی اب ہمیں  اورنج لائن ٹرین چلانے کیلئے9ارب کی سبسڈی دینا پڑے گی جب کہ حکومت پنجاب ساڑھے7ارب روپے میٹروچلانے کیلئے دے رہی ہے،  ہم نے ہیلتھ ٹیکس کولڈ ڈرنکس سگریٹ پر لگایا ہے ۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والے بڑے وسیع النظر لوگ تھے، ہمیں ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو دن ران محنت کرنا پڑے گی اور میراتو کام ہے میں ہمیشہ مزدور کے ساتھ ہوتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔