سندھ میں کھیلوں کی ترقیاتی اسکیموں کے بجٹ میں مسلسل تیسرے سال کمی

زبیر نذیر خان  ہفتہ 15 جون 2019
کھیلوں کی 44 ترقیاتی اسکیموں کے لیے کٹوتی کے بعد مجموعی طور پر 95 کروڑ 23 لاکھ 59 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

کھیلوں کی 44 ترقیاتی اسکیموں کے لیے کٹوتی کے بعد مجموعی طور پر 95 کروڑ 23 لاکھ 59 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی فراہمی اور کھیلون کے فروغ کے لیے حکومتی دعووں کی قلعی کھل گئی، صوبے کے سالانہ بجٹ میں مسلسل تیسری مرتبہ کھیلوں کی ترقیاتی اسکیموں کو اکٹھا کر ان کے لیے رقم میں بھی کمی کر دی گئی۔

رواں مالی سال 20-2019میں کھیلوں کی 44 ترقیاتی اسکیموں کے لیے کٹوتی کے بعد مجموعی طور پر 95 کروڑ 23 لاکھ 59 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال میں کھیلوں کی 45 ترقیاتی اسکیموں کے لیے ایک ارب 34 کروڑ 98 لاکھ 35 جبکہ مالی سال 18-2017میں ان مقاصد کے لیے ایک ارب 65 کروڑ 96 لاکھ ہزار روپے رکھے گئے تھے۔

نئے مالی سال میں کیڈٹ کالج، اسٹیل ملز کراچی میں ایتھلیٹکس ٹریک اور گراسی فٹبال گرائونڈ کی تعمیر کے لیے 4 کروڑ روپے کی نئی ترقیاتی اسکیم کے لیے رواں سال ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اے جی سندھ، کراچی میں 5 کروڑ روپے کی لاگت کے اسپورٹس انڈور ہال، سینتھیٹک فٹبال گرائونڈ اور باسکٹ بال کورٹ کے لیے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔