سہراب گوٹھ صنعتی ایریا پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دیدیا گیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2013
خالد خان نے مزید بتایا کہ تھانہ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

خالد خان نے مزید بتایا کہ تھانہ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

کراچی:  گڈاپ ڈویژن میں ایک اور تھانے کا اضافہ کردیا گیا ہے، سہراب گوٹھ صنعتی ایریا پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دے دیا گیا ۔

ایس پی گڈاپ ڈویژن ڈی ایس پی خالد خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ سہراب گوٹھ صنعتی ایریا میں قائم پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دینے کی تجویز کافی عرصے سے زیر غور تھی اور اعلیٰ حکام کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا گیا تھا، اس ضمن میں سبزی منڈی کے تاجروں کا بھی مطالبہ تھا ، تھانے کی حدود میں نئی سبزی منڈی ، احسن آباد ، صنعتی ایریا اور سپر ہائی وے روڈ دینے کی تجویز دی گئی تھی۔

خالد خان نے مزید بتایا کہ تھانہ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تاہم ابھی سرکاری طور پر انھیں اس سلسلے میں احکامات موصول نہیں ہوئے ، انھوں نے کہا کہ تھانے کا نام سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس اسٹیشن رکھا گیا ہے ، پولیس چوکی کے انچارج رانا حسیب نے بھی چوکی کو تھانے کا درجہ دینے کی تصدیق کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔