شعیب ملک کا الوداعی میچ کھیلنے کا ارمان ادھورا رہ گیا

عباس رضا  جمعـء 5 جولائی 2019
شعیب ملک نے نومبر 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

شعیب ملک نے نومبر 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں کسی تبدیلی سے گریز کیا اور یوں شعیب ملک الوداعی میچ کو ترستے رہ گئے۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے گزشتہ سال جون میں ہی اعلان کردیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے، رواں میگا ایونٹ میں انہوں نے انگلینڈ کیخلاف میچ میں 8 رنز بنانے کے بعد آسٹریلیا اور بھارت سے مقابلوں میں کھاتہ بھی نہیں کھولا،اس کے بعد ڈراپ کردیئے گئے۔

شعیب ملک کی حگہ حارث سہیل کو موقع دیا گیا جنہوں نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کیخلاف فتح میں اہم کردار کیا۔ توقع کی جا رہی تھی کہ آل راؤنڈر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلیے میدان میں اتارا جائے گا لیکن پاکستان نے افغانستان کے خلاف بمشکل فتح حاصل کرنے والی ٹیم میں کسی تبدیلی کو ضروری نہیں سمجھا۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف اکتوبر 1999میں ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے شعیب ملک نے 287ون ڈے میچز میں  34.55کی اوسط سے 7534رنز بنائے اور پاکستانی ٹاپ اسکورز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں،سب سے بڑی اننگز 143کی کھیلی، بولنگ میں انہوں نے 39.18کی ایوریج سے 158شکار کئے ہیں، بہترین کارکردگی 19رنز کے عوض 4وکٹیں رہی، انہوں نے نومبر 2015میں ہی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔