پاک ایران بارڈر پر مسلح افراد کی فائرنگ، پاسداران انقلاب کے دو اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 21 جولائی 2019
دہشت گردانہ حملے میں پاسداران انقلاب کے 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے (فوٹو : فائل)

دہشت گردانہ حملے میں پاسداران انقلاب کے 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے (فوٹو : فائل)

تہران: ایران میں پاکستان کی سرحد کے نزدیک مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پاسداران انقلاب کے 2 محافظوں کو قتل کردیا جب کہ 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق پاکستانی بارڈر کے نزدیک ایرانی علاقے میں مسلح افراد نے پٹرولنگ پر مامور پاسداران انقلاب کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ایران میں پاسداران انقلاب کی گاڑی پر خود کش حملہ، 20 اہلکار جاں بحق

سرکاری ٹیلی وژن کا مزید کہنا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ ایرانی صوبے بلوچستان اور سیستان میں ’ڈرگ مافیا‘ اور محافظوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ گزشتہ 2 برس سے جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی پر القاعدہ نے خود کش حملہ کیا تھا جس میں پاسداران انقلاب کے 27 محافظ ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔