ڈالر کی قدر میں معمولی اضافے کے بعد سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 9 اگست 2019
 سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے کا اضافہ ہوگیا۔  فوٹو: فائل

سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈالر کی قدر میں معمولی اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 87 ہزار روپے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  جمعے کے روز ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 19 پیسے اضافے کے بعد 158 روپے 25 پیسے سے بڑھ کر 158 روپے 44 پیسے  پر بند ہوا، جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر  نے اڑان بھری اور اوپن مارکیٹ  میں ڈالر کی قیمت میں 80 پیسے اضافے کے بعد 158 روپے 70 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1502 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا، ڈالر کی بڑھتی قدر اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آیا اور سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے نتیجے میں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت نے اونچی اڑان بھرتے ہوئے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، اور کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 87 ہزار  روپے اور  دس گرام سونے کی  قیمت بڑھ  کر 74  ہزار588 روپے ہوگئی۔  اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1110 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔