بھارت کے سفاکانہ طرزِعمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں، وزیرخارجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
بھارت کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے، شاہ محمود فوٹو:فائل

بھارت کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے، شاہ محمود فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور بھارت کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے “کشمیر سیل” کا تیسرا باضابطہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سول و عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ جنیوا اور اس میں ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے اطمینان محسوس ہو رہا ہے کہ ہماری کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں، دنیا نے جس طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا وہ غیر معمولی ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی، ہیومن رائٹس تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا ہے، کشمیر کی حمایت میں 58 ممالک کا مشترکہ بیان جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے، یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے اور اب کشمیر پہلی دفعہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ  رواں ماہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم انسانوں کے مقدمے کو دنیا بھر کے سامنے پیش کریں گے، وزیر اعظم  نے آج مظفرآباد میں ہندوستان سمیت دنیا بھر کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔