کراچی کے کچرے پر 2 ماہ میں ایک ارب خرچ کیے جاچکے

سندھ حکومت ایک ماہ  میں مزید30کروڑ روپے کچرااٹھانے پر خرچ کرے گی


Staff Reporter September 21, 2019
سندھ حکومت ایک ماہ  میں مزید30کروڑ روپے کچرااٹھانے پر خرچ کرے گی فوٹو: فائل

کراچی میں کچرا ٹھکانے کے کام پر اخراجات کے ریکارڈ قائم کردیے گیے، 2ماہ میں ایک ارب روپے کچرے کی نذر ہوچکے، اس کے باوجود کچرا ہر جگہ موجود ہے۔

کراچی میں کچرہ اٹھانے کا کام قومی خزانے پر بوجھ بن گیا ہے اعدادوشمار کے مطابق دو ماہ کے دوران کراچی میں کچرہ اٹھانے اور لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے کے لیے ایک ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیے جاچکے ہیں۔

کراچی میں یومیہ پیدا ہونے والے کچرے کے انبار اٹھانے اور پہلے سے جمع شدہ کچرہ اٹھانے کے لیے وفاقی ،صوبائی ،بلدیاتی حکومتوں نے ریکارڈ اخراجات کیے ہیں جبکہ مخیر حضرات سے بھی کچرہ کی صفائی کے لیے کروڑوں روپے کا چندہ جمع کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعلی سندھ کے ماتحت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ضلع جنوبی،شرقی اور ملیر اور غربی اضلاع میں کچرہ اٹھانے کے لیے چائینیز کمپنیوں کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کیں تاہم اسکے باوجود ان اضلاع میں صفائی ستھرائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے ہزاروں ٹن کچرہ تاحال ان اضلاع میں موجود ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی کی زیر نگرانی ماہ اگست سے شروع ہونے والی کلین کراچی مہم کے لیے مخیر حضرات ، بڑے کاروباری گروپس و انجمنوں نے کروڑوں روپے کے عطیات دئیے کلین کراچی مہم کے دوران نالوں کی صفائی پر لگ بھگ بیس کروڑ روپے کے خرچ کیے گئے۔

کراچی میں کچرہ ٹھکانے لگانے کے لیے وفاقی حکومت نے مزید20 کروڑروپے دینے کی بھی منظوری دی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ضلع وسطی،کورنگی میں منتخب بلدیاتی حکومتوں نے بھی کچر ہ اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے نام پر کروڑوں روپے کے اخراجات کیے جبکہ کنٹونمنٹ بورڈز اور ودیگر وفاقی اداروں نے کچرہ لینڈ فل سائٹ پر پہنچانے کے لیے الگ اخراجات کیے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے آج سے ایک ماہ کے لیے شروع کی جانے والی صفائی مہم کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو پانچ کروڑ روپے فی ضلع کے حساب سے تیس کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی جاچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں