کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ایکسپریس کے سابق کالم نگار کا بیٹا جاں بحق بیٹی زخمی

سابق کالم نگار حکیم ہلال مدنی کے اہل خانہ پر گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی


Staff Reporter September 22, 2019
سابق کالم نگار حکیم ہلال مدنی کے اہل خانہ پر گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی (فوٹو: فائل)

گلستان جوہر میں روزنامہ ایکسپریس کے سابق کالم نگار حکیم ممتاز ہلال مدنی کا بیٹا فائرنگ سے جاں بحق جبکہ بیٹی زخمی ہوگئی۔

ایکسپریس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے منور چورنگی کے قریب واقع ڈپارٹمنٹل اسٹور کے سامنے موٹر سائیکل سوار ناملوم ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ 40 سالہ سلمان ولد حکیم ممتاز جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی بہن ماریہ کو طبی امداد فراہم کی گئی، کار میں سوار حکیم ممتاز کی بیٹی منزہ نے بتایا کہ ان کی بڑی بہن کو ڈینگی بخار ہوگیا تھا جنہیں قریب واقع سنی ویو اپارٹمنٹ سے لے کر جا رہے تھے جیسے ہی منور چورنگی کے قریب موڑ پر پہنچے تو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اچانک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

بیٹی کے مطابق ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ان کے بھائی سلمان جو کہ گاڑی چلا رہے تھے ان کی گردن پر گولی لگی جبکہ بہن ماریہ کے ہاتھ پر ایک گولی لگی، کار پر 5 سے 6 فائر ہوئے تھے واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔

مقتول سلمان گلستان جوہر بلاک 15 میں رہائش تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا پولیس کا دور تک نام و نشان نہیں تھا جس کا ٹارگٹ کلرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

دریں اثنا بلدیہ ٹاؤن کے علاقے عابد آباد قبرستان کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ ماجد زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں