ناجائز منافع خوروں کی من مانی سبزیاں اور مرغی کا گوشت مہنگا

پیاز 70سے 80روپے کلو، ادرک 320روپے کلو، لہسن 280روپے کلو ، ٹماٹر کی قیمت 60 سے 70 روپے کلو وصول کی جارہی ہے


Business Reporter September 28, 2019
مرغی کا گوشت بھی 400 روپے سے زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے، دودھ کی بھی من مانی قیمت لی جانے لگی فوٹو: ایکسپریس/فائل

شہر میں بارشوں سے پیدا ہونے والی افراتفری سے گراں فروش فائدہ اٹھارہے ہیں، سبزی فروش سبزی کی من مانی قیمت وصول کررہے ہیں دوسری جانب مرغی کا گوشت بھی 400روپے سے زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے پوری انتظامی مشینری شہر سے کچرا اٹھانے پر مامور کردی ہے۔ اسسٹنٹ اور ڈپٹی کمشنر اپنے اپنے علاقوں میں بنیادی اشیاکی سرکاری قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہیں وہ شہر کو کس طرح کچرے اور گندگی سے نجات دلاسکتے ہیں۔

شہر میں گراں فروشی کا بازار3ماہ سے گرم ہے دودھ فروشوں نے من مانی کا آغاز کیا اور سرکاری نرخ سے فی لیٹر 16روپے زائد وصول کررہے ہیں یومیہ بنیاد پر کروڑوں روپے غیرقانونی قیمتوں کی شکل میں ڈیری مافیا کی جیبوں میں جارہی ہے ،پولٹری مافیا بھی ڈیری مافیا کے نقش قدم پر چل رہی ہے کمشنر کراچی کی جانب سے مرغی کے گوشت کی قیمت 316روپے کلو مقرر کی گئی تاہم شہر بھر میں مرغی کا گوشت 400سے 430روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔

شہری انتظامیہ کی غفلت کے نتیجے میں سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور جاچکی ہیں شہر بھر میں پیاز 70سے 80روپے کلو قیمت پر فروخت ہورہی ہے، ادرک 320روپے کلو، لہسن 280روپے کلو فروخت ہورہی ہے ٹماٹر کی قیمت بھی 60سے 70روپے کلو وصول کی جارہی ہے، ہرا دھنیہ اور پودینہ عید قرباں سے اب تک بدستور دگنی قیمت پر فروخت ہورہا ہے چند پتیوں پر مشتمل دھنیے پودینے کی گڈی 20سے 30روپے کی فروخت ہورہی ہے ، دیگر سبزیاں بھی مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں ٹنڈے، توری، لوکی 120سے 140روپے کلو فروخت ہورہی ہیں ، کریلے، اروی اور بھنڈی 160روپے کلو پاک 70سے 80روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔

پیاز کے تاجروں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں پیاز 35روپے کلو تھوک قیمت پر فروخت کی جارہی ہے بازار میں بلوچستان کی فصل بھی دستیاب ہے جبکہ بڑے پیمانے پر افغانستان اور ایران کی پیاز بھی لائی جارہی ہے ایرانی پیاز کا سائز غیرمعمولی طور پر بڑا ہے جبکہ افغانی پیاز گہری رنگت کی خشک پیاز ہے عام بازاروں میں پیاز 70سے 80روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

تھوک فروشوں کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کے دوران پیاز کی رسد ایک ہفتے کے لیے متاثر ہوئی تاہم اس کے بعد سے سپلائی معمول پر آچکی ہے سندھ کی پیاز نومبر میں مارکیٹ میں آئیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں