سندھ میں سیکریٹری ناظم امتحانات کے بعد بورڈز کے سربراہ بھی ایڈہاک

اشتہارجاری کرنے میں تاخیر کی وجہ سے مذکورہ چیئرمینز کی مدت ملازمت میں تاحکم ثانی توسیع کا حکم جاری کردیا گیا


Safdar Rizvi October 01, 2019
سکھر، لاڑکانہ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ، کراچی انٹر اور میٹرک بورڈ اور سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چیئرمین عہدوں پر برقرار۔ فوٹو:فائل

حکومت سندھ نے بروقت اسامیاں مشتہرنہ ہونے کے سبب صوبے کے 5 تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزکی مدت ملازمت میں تاحکم ثانی توسیع کرتے ہوئے انھیں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

سندھ کی تعلیمی بورڈزسمیت تعلیم اداروں کی تاریخ میں یہ ایک منفردواقعہ ہے جب سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکی سست روی اورنااہلی کے باعث سندھ کے بیک وقت5تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کے عہدے مستقل سربراہوں سے خالی ہو گئے ہیں اور عہدے کی مدت پوری کرنے والے سربراہان چیئرمین کے عہدے پر جزوقی حیثیت میں کام کریں گے۔

یہ صورتحال ایک ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب سندھ کے ان پانچوں تعلیمی بورڈ سمیت تمام تعلیمی بورڈزمیں سیکریٹری اورناظم امتحانات کی کلیدی اسامیاں بھی خالی ہیں اوران اسامیوں پر بھی عارضی بنیادوں پر جزوقتی افسران کام کررہے ہیں تاہم سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈبورڈزکی جانب سے اشتہارجاری کرنے میں غیرمعمولی تاخیر کے سبب اب سندھ کے تعلیمی بورڈزمیں چیئرمین،سیکریٹری اورناظم امتحانات تینوں ہی اسامیوں پر جزوقتی افسران تعینات ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزریاض الدین کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں کہاگیاہے کہ ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ لاڑکانہ، ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر، ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ،اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اورسندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چیئرمینز تا حکم ثانی عہدوں پر کام کریں گے۔

یادرہے کہ اس حوالے سے بھجوائی گئی سمری میں بورڈز کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ سے مذکورہ تعلیمی بورڈزمیں اشتہارات کے ذریعے ''تلاش کمیٹی'' کی بنیاد پر چیئرمینز بورڈزکی تقرری تک انھیں مدت ملازمت میں توسیع کی سفارش کی گئی تھی۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ سندھ حکومت جامعات کے وائس چانسلرکے لیے امیدوارکی عمرکی حد 65 برس جبکہ تعلیمی بورڈزکے سربراہان کے لیے امیدوارکی عمرکی حد 62برس کرچکی ہے اگرمذکورہ ''پریکٹس'' کو تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزکے لیے جاری ہونے والے اشتہارمیں برقراررکھاگیاتوایسی صورت میں کم از کم دو موجودہ چیئرمین اس عہدے کے اہل نہیں ہونگے اوراشتہارکے ذریعے درخواست نہیں دے سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں