عوام کو بہترسہولیات دینے کیلیے ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 25 اکتوبر 2019
حکومت کی کوشش ہےکہ ٹیکس نظام شفاف بنایاجائے، وزیر اعظم۔فوٹو: فائل

حکومت کی کوشش ہےکہ ٹیکس نظام شفاف بنایاجائے، وزیر اعظم۔فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافےسےٹیکس دہندگان پربوجھ کم ہوگا، عوام کوبہترسہولیات دینےکیلیے ٹیکس نیٹ بڑھایاجائے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور چئیرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں حکومتی استعداد کاربڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے، ٹیکس نیٹ میں اضافے سے ٹیکس دہندگان پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ کم ہوگا اور حکومت کی جانب سے ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم ، صحت اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ٹیکس کی ادائیگی ایک قومی فریضہ ہے تاہم اس کے لئے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے، کوشش ہے کہ ٹیکس کے نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ ہر محب وطن شہری ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔