نارتھ کراچی ہائی روف حادثہ؛ ڈرائیور اور پیٹرول پمپ ملازم پر مقدمہ درج

اسٹاف رپورٹر  منگل 14 جنوری 2020
ہائی روف میں پیٹرول سے بھری بوتل موجود ہونے کے سبب  پوری گاڑی آگ کی لپیٹ میں آئی، پولیس (فوٹو: فائل)

ہائی روف میں پیٹرول سے بھری بوتل موجود ہونے کے سبب پوری گاڑی آگ کی لپیٹ میں آئی، پولیس (فوٹو: فائل)

 کراچی: نارتھ کراچی میں جمعہ کی شب ہائی روف میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں مرنے والے 9 افراد کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن پولیس نے پیٹرول پمپ کے ملازم اور ہائی روف کے ڈرائیور کے خلاف درج کر لیا۔

سرجانی ٹاؤن پولیس نے گزشتہ جمعہ کو نارتھ کراچی میں ہائی روف اور رکشا میں تصادم کے بعد لگنے والی آگ کا مقدمہ الزام نمبر 31/2020 ہائی روف کے ڈرائیور الیاس اور پیٹرول پمپ کے ملازم کامران کے خلاف دفعہ 285 کے تحت درج کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہائی روف میں پیٹرول سے بھری بوتل موجود ہونے کے سبب  پوری گاڑی آگ کی لپیٹ میں آئی۔ جب کہ مقدمے میں سیکشن 285 پیٹرول کی ناجائز آتش گیر مادے کی نسبت غفلت پائی گئی، پولیس پیٹرول پمپ کے ملازم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

یہ پڑھیں: نارتھ کراچی حادثہ؛ کم سن بچی نے دم توڑ دیا، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی

واضح رہے کہ جمعہ کی شب بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی میں سوزوکی ہائی روف اور رکشا میں تصادم ہونے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں ہائی روف میں سوار 9 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے تھے، زخمی سول اسپتال کے برنس وارڈ میں تاحال زیرعلاج ہیں جن کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔