راولپنڈی میں دوگروپوں کا ہولناک تصادم،خواتین اوربچیوں سمیت 9 افراد قتل

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جولائی 2020
خواتین کے قتل کا اندوہ ناک واقعہ راولپنڈی کے علاقے چونترہ کے میال گاؤں میں پیش آیا۔ فوٹو، فائل

خواتین کے قتل کا اندوہ ناک واقعہ راولپنڈی کے علاقے چونترہ کے میال گاؤں میں پیش آیا۔ فوٹو، فائل

 راولپنڈی: چونترہ کے علاقے میں دو گروہوں کے مابین خونیں تصادم میں خواتین اور بچیوں سمیت 9 افراد قتل کردیے گئے۔  

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ چونترہ کے علاقہ میال گاؤں میں پیش آیا۔ تصادم رب نواز اور امجد گروپ میں ہوا۔ جس کے دوران فائرنگ سے  9 افراد جاں بحق ہوگئے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

واقعے میں 5خواتین میں سلیم اختر، نثار بی بی، سدرہ بی بی، عذرہ بی بی، عابدہ شاہین جاں بحق ہوئیں جب کہ تین بچیاں 7 سالہ ایمان فاطمہ، 13 سالہ غزالہ بی بی، 16 سالہ صبیحہ خاتون اور 9 سالہ فرحان بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں جب کہ متعدد بچے بھی زخمی ہوگئے۔ زخمی بچوں کی عمریں ڈیڑھ سال سے 5 سال ہیںفائرنگ سے زخمی 3 بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق  زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق  چند روز قبل میال گاوٴں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی تنازعے کی وجہ ہے۔ فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر اور امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے ما بین پیش آیا۔

پولیس کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں نے مخالفین کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔ حملے میں ملوث ملزمان ربنواز، دانش، اکرام اور عاقب 2019 کے قتل کے مقدمہ نمبر 236 میں اشتہاری ہیں۔ ملزمان عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں اور انہیں 27 جولائی 2020 تک گرفتار نہ کرنے اور مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سی پی او راولپنڈی نے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں سپیشل ریڈنگ ٹیمیں تشکیل دے کر واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔ چونترہ کے علاقہ میں سرچ آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرتے ہوے اشتہاریوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ  ملزم رب نواز اور اسکے بیٹے دانش کی تصاویر شائع کی جا رہی ہیں۔ ملزمان کے بارے میں ایس پی صدر کے نمبر 03125143239 یا 051111276797 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔ملزمان کے بارے میں اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا ہے کہ ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، ملزمان جہاں بھی فرار ہو جائیں ان کا پیچھا کر کے گرفتار کیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔