کیماڑی میں آئل ٹرمینل پر آتشزدگی، دو افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 3 ستمبر 2020
ہلاک و زخمی ہونے والے افراد پائپ لائن کے سامنے واقع دفتر میں ملازم تھے، ایس ایچ او جیکسن۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

ہلاک و زخمی ہونے والے افراد پائپ لائن کے سامنے واقع دفتر میں ملازم تھے، ایس ایچ او جیکسن۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

کراچی: کیماڑی میں آئل ٹرمینل پر آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث دو افرادجاں بحق جب کہ تین جھلس گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کیماڑی میں آئل ٹرمینل پر آگ لگ گئی، واقعے میں 2 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا، مرنے والوں کی شناخت 24 سالہ شاہد ولد عمر اور 46 سالہ صالح ولد سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کے پی ٹی کے فائر ٹینڈر اور کے ایم سی کے چار فائر ٹینڈرز بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ ایس ایچ او جیکسن انسپکٹر ملک عادل نے بتایا کہ آگ دوپہر میں لگی جس پر شام تک قابو پایا جاسکا، واقعے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 32 سالہ کاشف ولد ابراہیم ، 24 سالہ شاہد ولد حسین اور 24 سالہ فیاض ولد رفیق زخمی ہوئے ہیں۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ آگ آئل سپلائی کرنے والی پائپ لائن میں لیکیج کے باعث لگی اور ہلاک و زخمی ہونے والے افراد پائپ لائن کے سامنے واقع دفتر میں ملازم تھے، تمام افراد کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے تھے ، ان کا کسی آئل کمپنی سے تعلق نہیں تھا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔