کراچی اسٹاک مارکیٹ سال کے پہلے ہی روز لمبی چھلانگ، انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

بزنس رپورٹر  جمعرات 2 جنوری 2014
نئے سال کے پہلے روز کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ فوٹو: آن لائن

نئے سال کے پہلے روز کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ فوٹو: آن لائن

کراچی:  کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تقویمی سال2014 کے پہلے ہی دن بدھ کو ہرشعبے کے سرمایہ کاروں کی پرعزم انداز میں انویسٹمنٹس کے باعث تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی ۔

جس سے بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار25609 پوائنٹس تک پہنچ گیا، تیزی کے سبب73 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 80 ارب45 کروڑ71 لاکھ 26 ہزار725 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں حصص کی مجموعی مالیت بھی 61 کھرب36 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ دسمبر2013 میں افراط زر کی شرح میں کمی، وزیرخزانہ کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میںتھری جی لائسنس کی نیلامی مارچ تک مکمل کرنے کے فیصلے اور ایکنک کی جانب سے218 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری جیسی اطلاعات نے ہرشعبے کے سرمایہ کار کوتقویمی سال کے پہلے دن پرعزم رکھا، کاروباری سرگرمیاں انڈیکس کے تمام آئٹموں تک وسیع ہوئیں لیکن ٹیکسٹائل اور سیمنٹ سیکٹر کی کمپنیاں زیادہ متحرک نظر آئیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے تقویمی سال پر سرمایہ کار زیادہ پرعزم نظر آرہے ہیں، اگر حکومت کی جانب سے توانائی بحران پر قابو پانے کے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور درست انداز میں معاشی اصلاحات متعارف کرائی جائیں تو سال 2014 میں بھی کیپٹل مارکیٹ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر69 لاکھ51 ہزار296 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں تیزی کا رحجان برقرار رہا۔

کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے40 لاکھ ایک ہزار437 ڈالر، بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے 23 لاکھ34 ہزار124 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے6 لاکھ15ہزار735 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جو مارکیٹ میں نمایاں تیزی کا سبب بنی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 374.71 پوائنٹس کے اضافے سے 25608.85 ہوگیا ۔

جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 264.61 پوائنٹس کے اضافے سے 19073.47 اور کے ایم آئی30 انڈیکس804.24 پوائنٹس کے اضافے سے 43235.29 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 112.34 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 34 کروڑ10 لاکھ90 ہزار850 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 404 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں295 کے بھاؤ میں اضافہ، 94 کے داموں میں کمی اور15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔