رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، آج ملک بھر میں پہلا روزہ

ویب ڈیسک  بدھ 14 اپريل 2021
کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا

کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا

 پشاور: رمضان المبارک 1442ء ہجری کا چاند نظر آگیا آج پشاور سمیت ملک بھر میں پہلا روزہ ہے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوئے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد پریس کانفرنس میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں مطلع صاف تھا جہاں سے متعدد شہادتیں موصول ہوئیں جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو، کل پاکستان میں طویل عرصے بعد پوری قوم ایک دن روزہ رکھنے جارہی ہے اور انشااللہ عید بھی ایک ہی دن منائے گی۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پہلے ہی پیشن گوئی کردی تھی کہ آج رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا اور ملک بھر میں بدھ کے روز ایک ہی دن پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔