سندھ ہائی کورٹ نے گندم کی شفاف تقسیم سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 اپريل 2021
 گندم کی تقسیم کے عمل کو ہر صورت شفاف بنایا جائے، عدالتی حکم۔ فوٹو:فائل

گندم کی تقسیم کے عمل کو ہر صورت شفاف بنایا جائے، عدالتی حکم۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے گندم کی شفاف تقسیم سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سندھ میں گندم کی تقسیم میں مبینہ بدعنوانی اور کمیشنڈ افسران کی جگہ رینکرز افسران تعینات کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ گندم کی تقسیم کے عمل کی تقسیم کے لیے کمیشنڈ افسران تعینات تھے، کمیشنڈ کی جگہ اچانک رینکرز افسران تعینات کیے جا رہے ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ تقریری تبادلوں کا مقصد گندم کی تقسیم میں بدعنوانی کرنا ہے، درخواست گزاروں کے تبادلے بھی کرپشن، بد عنوانی کے لیے کیے گئے۔

عدالت نے محکمہ خوراک میں تقرریاں و تبادلے سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ مذکورہ درخواست بنیادی انسانی حقوق کے دائرہ کار میں نہیں آتی، درخواست گزاران سندھ سروس ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے گندم کی شفاف تقسیم سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا، عدالت نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک کو نااہل کی جگہ اہل افسران تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک گندم کی تقسیم کے عمل کی خود نگرانی کریں، کرپشن، بد عنوانی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، اگر کوئی افسر بدعنوانی میں پایا جائے تو سخت کارروائی کریں، گندم کی تقسیم کے عمل کو ہر صورت شفاف بنایا جائے۔

عدالت نے فیصلے کی نقول چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک کو ارسال کرنے کا حکم دیا اور چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک کو عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔