فیس کیلیے ایڈمٹ کارڈز روکنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 1 جولائی 2021
5 جولائی سے میٹرک کے امتحانات شروع ہورہے ہیں، اسکولز فوری ایڈمٹ کارڈز جاری کریں، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن (فوٹو : فائل)

5 جولائی سے میٹرک کے امتحانات شروع ہورہے ہیں، اسکولز فوری ایڈمٹ کارڈز جاری کریں، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن (فوٹو : فائل)

 کراچی: ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے تمام نجی اسکولوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیس وصولی کے لیے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز روکنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی ہوگی، پرائیویٹ اسکولز فوری طور پر طلبہ کو ایڈمٹ کارڈز جاری کریں۔

ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی کے مطابق ہمیں شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کچھ نجی تعلیمی اداروں نے طلبہ و طالبات کے ایڈمٹ کارڈ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن سے موصول ہونے کے باوجود جاری نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ 5 جولائی سے میٹرک کے امتحانات شروع ہورہے ہیں، اس لیے اسکول فوری طور پر طلبہ و طالبات کے ایڈمٹ کارڈ جاری کریں تاکہ طلبہ و طالبات پرسکون طور پر امتحانات کی تیاری کرسکیں اور ان کا قیمتی سال ضائع نہ ہو۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اگر کسی نجی اسکول نے کسی بات کو بھی وجہ بناکر ایڈمٹ کارڈ روکے تو اس اسکول کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کیے جانے پر کسی بھی طالب علم کا سال ضائع ہوا تو اس کی تمام ذمہ داری اسکول انتظامیہ پر ہوگی۔

منسوب حسین صدیقی نے والدین سے گزارش کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنی شکایات درج کروانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ میں قائم شکایتی سیل سے رابطہ کریں تاکہ ان کی شکایات کا پوری طور پر ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن حیدرآباد، میرپور خاص، شہید بے نظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بھی اپنے ریجن میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی نجی اسکول کی جانب سے کسی بھی طالب علم کا ایڈمٹ کارڈ نہ روکا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔