ڈرے سہمے ٹائیگرز کا گھر پر شکار کرنے کیلیے جال تیار

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 19 نومبر 2021
 ٹور سے دستبردارحفیظ کا خلا حیدر علی پْر کریں گے،آصف علی کو آرام دے کر پاور ہٹنگ کا کام خوشدل شاہ کو سونپ دیا گیا ۔ فوٹو : فائل

ٹور سے دستبردارحفیظ کا خلا حیدر علی پْر کریں گے،آصف علی کو آرام دے کر پاور ہٹنگ کا کام خوشدل شاہ کو سونپ دیا گیا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  ڈرے سہمے ٹائیگرزکا گھر پر شکارکرنے کیلیے جال تیارہو گیا پْراعتماد پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے کمرکس لی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس نے ورلڈکپ کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں کرتے ہوئے نئے تیر بھی ترکش میں سجالیے، بابر اعظم، محمد رضوان اور فخرزمان پر مشتمل ٹاپ آرڈر بہترین آغاز فراہم کرنے کا اہل ہے، ٹور سے دستبردار محمد حفیظ کا خلا حیدر علی پْر کریں گے، شعیب ملک مڈل آرڈر کو استحکام دیں گے، آصف علی کو آرام دے کر پاور ہٹنگ کا کام خوشدل شاہ کو سونپ دیا گیا، آل راؤنڈر عماد وسیم کے بجائے محمد نواز کو میدان میں اتارا جائے گا۔

کسی ایک پیسر کو ریسٹ دے کر وسیم جونیئر کو آزمانے کا بھی امکان ہے،ہوم کنڈیشنز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو زیر کرنے والی مہمان ٹیم اپ سیٹ کا خواب لیے میدان میں اترے گی،کئی سینئرز سے محروم نوآموز بیٹنگ لائن کے اہم ترین ہتھیار تجربہ کار کپتان محموداللہ ہوں گے، اسپنرز مہدی حسن اور ناصم احمد خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، شیر بنگلہ اسٹیڈیم کی پچ پر رواں سال پہلی اننگز کا اوسط ٹوٹل صرف 119ہے۔ مہمان کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ہم ہوم کنڈیشنز میں بنگلہ دیش کو آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے۔

میزبان ٹیم کے نئے پلیئرز کی صلاحیتوں کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں مسلسل 5 فتوحات کے بعد سیمی فائنل میں مات کھانے والے گرین شرٹس یواے ای سے براہ راست بنگلہ دیش پہنچے، 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ جمعے کو ڈھاکا میں ہوگا، دوسری جانب میزبان ٹیم سپر12 مرحلے میں ایک میچ بھی نہیں جیت پائی،ناقص کارکردگی کے سبب پلیئرز دباؤ کا شکار ہیں۔

پاکستان نے پہلے میچ کیلیے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کرتے ہوئے نئے چہرے بھی شامل کرلیے،ٹاپ آرڈر میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور فخرزمان اچھا آغاز فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،ٹور سے دستبردار محمد حفیظ کی جگہ مڈل آرڈر میں حیدر علی کو شامل کرلیا گیا،تجربہ کار شعیب ملک برقرار ہیں، آصف علی کو آرام دے کر خوشدل شاہ کو پاور ہٹنگ کا کام سونپا گیا ہے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم کو باہر بٹھاکر شاداب خان کا ساتھ دینے کے لیے محمد نواز کو منتخب کیا گیا ہے،پیس بیٹری میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کے ساتھ وسیم جونیئر بھی شامل ہیں، نوجوان پیسر کی جگہ بنانے کیلیے ورلڈکپ کے تمام میچز کھیلنے والے کسی ایک سینئر بولر کو آرام دینے کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیش کو تشکیل نو کا چیلنج درپیش ہے، شکیب الحسن اور تمیم اقبال انجرڈ ہیں، مشفیق الرحیم، لٹن داس، سومیہ سرکار اور روبیل حسین کو ڈراپ کیے جانے کے بعد نیا کمبی نیشن بنانا ہوگا۔

ٹیم میں سب سے زیادہ تجربہ کار کپتان محمود اللہ ہیں، محمد نعیم، نجم الحسن سانتو، ڈیبیو کے منتظر یاسرعلی اور سیف حسن کے ساتھ عفیف حسین مضبوط ٹیم کیخلاف بہتر کارکردگی سے اچھا تاثر چھوڑنے کی کوشش کریں گے،اسپنرز مہدی حسن اور ناصم احمد خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں،مستفیض الرحمان اور تسکین احمد پیس بولنگ سے وکٹیں اڑا سکتے ہیں،بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 11کیچز ڈراپ کیے، اس بار مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں گیند اسپن اور رک کر آنے کی وجہ سے اسٹروکس کھیلنے میں دشواری ہوتی ہے، رواں سال پہلی اننگز کا اوسط ٹوٹل صرف 119ہے۔

ڈھاکا میں مطلع صاف رہنے کی پیشگوئی ہوئی ہے۔ورلڈکپ میں کارکردگی اپنی جگہ مگر ہوم گراؤنڈ پر میزبان ٹیم نے مضبوط حریفوں کو بھی ناکوں چنے چبوائے ہیں،ورلڈ کپ کی فائنلسٹ دونوں ٹیمیں وہاں ناکام ہوئیں۔ مہمان کپتان بابر اعظم ممکنہ خطرے سے آگاہ ہیں۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ بنگلہ دیش میں بھی جاری رکھتے ہوئے مثبت کرکٹ کھیلیں گے،یہاں میزبان ٹیم نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا،ہم ہوم کنڈیشنز میں بنگال ٹائیگرز کو آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے، اسکواڈ میں شامل ہونے والے نئے پلیئرز بھی بی پی ایل میں پرفارم کرتے رہے ہیں، اس لیے ان کی صلاحیتوں کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتے،انھوں نے کہا کہ یہاں یواے ای کی طرح آسانی سے رنز نہیں بنیں گے،پچ پر قیام طویل کرنے کی پالیسی اپنانا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔