دورِ کورونا؛ پاکستان سب سے زیادہ دیارِ غیر میں سرگرم

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 19 نومبر 2021
یکم مئی 2020 سے اب تک 40 انٹرنیشنل میچز دیگر ممالک میں کھیلے
 فوٹو:فائل

یکم مئی 2020 سے اب تک 40 انٹرنیشنل میچز دیگر ممالک میں کھیلے فوٹو:فائل

 کراچی:  کورونا وبا کے دور میں پاکستان ٹیم سب سے زیادہ دیار غیر میں سرگرم رہی۔

کورونا وبا کے دور میں پاکستان ٹیم سب سے زیادہ دیار غیر میں سرگرم رہی۔ اس نے گھر سے باہر کرکٹ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا،وہ یکم مئی 2020 سے اب تک 40انٹرنیشنل میچز دوسرے ممالک میں کھیل چکی،آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ بالترتیب31و29میچز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں،اس عرصے میں بھارت نے 25اوے میچز میں حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اپنے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے ایک دہائی تک تمام کرکٹ ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور رہا، صورتحال بہتر ہونے پر ملک میں بتدریج انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی، گذشتہ برس ٹیم نے اپنی تمام انٹرنیشنل ہوم کرکٹ ملک میں ہی کھیلنے کا فیصلہ کیا،البتہ اس کی اوے کرکٹ کا تناسب ہوم کے مقابلے میں کہیں زیادہ اور وہ اس معاملے میں دنیا کے تمام ممالک سے آگے ہے۔

واضح رہے کہ اس تمام دورانیے میں کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، پاکستان نے اس خطرناک ماحول کی پروا نہ کرتے ہوئے انگلینڈ کا 2 اور نیوزی لینڈ کا بھی ایک مرتبہ دورہ کیا، بدلے میں دونوں ممالک نے احسان فراموشی کی انتہا کرتے ہوئے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرتے ہوئی یہاں کی کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

پاکستان نے گذشتہ برس یکم مئی سے اب تک 40 میچز دیار غیر میں کھیلے،دوسرا و تیسرا نمبر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا ہے، دونوں ممالک نے اس عرصے کے دوران بالترتیب31و29اوے میچز میں حصہ لیا،بھارت اس معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے، وہ اب تک 25 میچز ملک سے باہر کھیل چکا، سری لنکا نے 24 اوے میچز کھیلے ہیں، انگلینڈ23، بنگلہ دیش 20،ویسٹ انڈیز 18 اورزمبابوے 17اوے میچز میں حصہ لے چکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔