ٹی 20 رینکنگ ؛ بابراعظم کی حکمرانی خطرے میں پڑ گئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 25 نومبر 2021
مالان سے4پوائنٹس کا فرق،رضوان 1درجہ بہتری سے چوتھے نمبر پرآگئے . فوٹو: فائل

مالان سے4پوائنٹس کا فرق،رضوان 1درجہ بہتری سے چوتھے نمبر پرآگئے . فوٹو: فائل

 لاہور: عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابر اعظم کی حکمرانی خطرے میں پڑ گئی۔

پاک بنگلا دیش سیریز کے اختتام پر آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی، تینوں میچز میں کوئی بڑی اننگز نہ کھیل پانے والے بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے لیکن ریٹنگ پوائنٹس 839 سے کم ہو کر809 ہو گئے۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ مالان(805) کا پاکستانی کپتان سے فاصلہ بہت کم رہ گیا، پروٹیز ایڈن مارکرم(796) کی تیسری پوزیشن بھی برقرار ہے،دوسری جانب محمد رضوان کا عروج کی جانب سفر جاری رہا، وکٹ کیپر بیٹر(735)ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے۔

لوکیش راہول اور ایرون فنچ ایک ایک درجہ چھلانگ لگاتے ہوئے بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں، ڈیون کونوے 3درجے پیچھے ہٹتے ہوئے ساتویں، جوز بٹلر ایک درجہ بہتری سے آٹھویں،راسی ون ڈر ڈوسین ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے نویں نمبر پر آگئے،3 درجے ترقی کے ساتھ مارٹن گپٹل نے بھی ٹاپ 10میں جگہ بنالی، نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز نہ کھیلنے والے ویراٹ کوہلی کو جگہ خالی کرنا پڑی، فخر زمان 35 ویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں سری لنکن وانندو ہسارنگا سرفہرست، تبریز شمسی دوسرے، ایڈم زمپا تیسرے، عادل راشد چوتھے، راشد خان پانچویں نمبر پر برقرار ہیں،جوش ہیزل ووڈ چھٹی،مجیب الرحمان ساتویں، اینرچ نورکیا آٹھویں، ٹم ساؤدی نویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

کرس جورڈن نے ٹاپ 10میں جگہ بناتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کو11 ویں نمبر پر دھکیل دیا، شاداب خان بھی 2 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر آ گئے، حارث رؤف22،عماد وسیم 32اور حسن علی 44ویں نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈرز میں محمد نبی ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔