بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی تو انجام سب نے دیکھ لیا، فضل الرحمان

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 دسمبر 2021
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کراچی: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی تو انجام سب نے دیکھ لیا، ثابت ہوگیا کہ گزشتہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی۔

یہ بات انہوں ںے پی ڈی ایم رہنما اور جے یوپی کے سربراہ اویس نورانی کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم 23 مارچ کو اسلام آباد کا رخ کرے گی، مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ ناگزیر ہے، ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کا رخ کریں گے، مارچ سے سرکاری تقریب میں خلل نہیں ہوگا، مارچ میں سندھ سے شرکت کے لیے علامہ راشد سومرو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی، بیورو کریسی ان کی تھی لیکن قوتوں نے ہاتھ ہٹایا تو بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا، بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا کہ پچھلے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی، جے یو آئی پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی اب بھی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا کہ پچھلے انتخابات دھاندلی زدہ تھے اور بلدیاتی نتائج پی ڈی ایم کے موقف کی فتح ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں اور ملک کو مستحکم کرنے کی بات کرتے ہیں، آپ ٹھیک ہوجائیں ہم تو ٹھیک ٹھاک ہیں، ہم کہتے تھے حکومتیں دھاندلی کی پیداوار ہیں، پشاور میں ایم این اے، ایم پی اے اور بیورو کریسی ان کی تھی لیکن تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا گیا تو حشر نشر سب کے سامنے ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ 23 مارچ کے مارچ میں شرکت کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں، کارکنوں کی سطح پر تیاریاں اور رابطے کیے جارہے ہیں، مہنگائی مارچ میں ملک کے کونے کونے سے لوگ شرکت کریں گے، 23 مارچ کو عصر کے بعد اسلام آباد پہنچیں گے اور تقریبات میں کوئی خلل نہیں ہوگا، 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کے شرکا نئے عزم و حوصلے کے ساتھ اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جدوجہد کے مقاصد حاصل ہو رہے ہیں، انتظار کرنا چاہیے، تمام طبقات متفق ہیں کہ حکومت نہیں چل سکتی، آئندہ سال انتخابات کا سال ہوگا۔

قبل ازیں پی ڈی ایم سندھ کا اجلاس مولانا راشد سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور 23 مارچ کو منعقد ہونے والے مہنگائی مارچ پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے بطور خاص شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔