کورونا نے ڈومیسٹک لیگز میں خوف و ہراس پھیلا دیا

آسٹریلوی  ویمنز نیشنل ٹورنامنٹ کے 2 میچز اور فائنل مارچ تک ملتوی


Sports Desk January 05, 2022
برسبین ہیٹ کے پلیئرزکوبھی کوویڈ، میلبورن کوکلب کرکٹرزبلانے پڑ گئے فوٹو : فائل

کورونا نے آسٹریلوی ڈومیسٹک لیگز میں خوف و ہراس پھیلادیا۔

ویمنز نیشنل ٹورنامنٹ کے 2 میچز اور فائنل مارچ تک ملتوی کردیے گئے، بگ بیش ٹیم برسبین ہیٹ کے بائیوببل میں بھی کوویڈ نے انٹری دے دی، آخری لمحات میں تبدیلی کرنا پڑگئی، وائرس سے بْری طرح متاثر میلبورن اسٹارز کو ٹیم پوری کرنے کیلیے وکٹوریہ کے کلب کرکٹرز کو طلب کرنا پڑا، کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سیزن کے مستقبل کا اعلان جلد متوقع ہے۔

آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس میں کورونا وائرس نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، متعدد نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ پلیئرز کی بے چینی میں اضافہ ہورہا ہے۔

البتہ بورڈ اب بھی کسی نہ کسی طور پر سیزن مکمل کرنے کیلیے بضد ہے۔ ویمنز کرکٹ لیگ میں ویسٹرن آسٹریلیاکیمپ میں کوویڈ کے اٹیک کی وجہ سے2 میچز کو مارچ تک ملتوی کردیا گیا، ٹیم کو اس ہفتے تسمانیہ سے ہوبارٹ میں 2 مرتبہ مقابلہ کرنا تھا،مگر اب یہ میچز 9 اور 11 مارچ کو کھیلے جائیں گے،اس وجہ سے 50 اوورز کے ڈومیسٹک ایونٹ کا فائنل بھی مارچ کے وسط تک ملتوی کردیا گیا۔ دوسری جانب برسبین ہیٹ کے کھلاڑیوں کا نتیجہ مثبت آنے کی وجہ سے سڈنی سکسرز سے میچ بدھ تک ملتوی کردیا گیا تاکہ مزید کھلاڑیوں کے پی سی آر ٹیسٹ ہوسکیں۔

ادھر میلبورن اسٹارز کو بھی اپنے 12 اسٹار کرکٹرز کے کورونا وائرس کی وجہ سے آئسولیشن میں جانے پر ٹیم پوری کرنے کیلیے وکٹورین کلب کرکٹرز کو طلب کرنا پڑا۔ اس حوالے سے میلبورن کے آل راؤنڈر ہلٹن کارٹ رائٹ نیکہاکہ صورتحال انتہائی خوفناک دکھائی دے رہی ہے، تیزی سے کوویڈ کیسز سامنے آنے کی وجہ سے پلیئرز میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے، ایسے میں میچز پر توجہ مرکوز کرپانا انتہائی دشوار ہوگا۔ واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سیزن کے مستقبل کااعلان جلد متوقع ہے، ایک تجویز تمام ٹیموں کو میلبورن میں جمع کرکے ٹورنامنٹ مکمل کرنے کی بھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں