پشاورزلمی آزمودہ ہتھیاروں سے حملے کیلیے تیار

سلیم خالق  جمعـء 21 جنوری 2022
شعیب ملک کا تجربہ کام آئے گا، عثمان قادر سے بھی امیدیں وابستہ ہیں ۔  فوٹو : انٹرنیٹ

شعیب ملک کا تجربہ کام آئے گا، عثمان قادر سے بھی امیدیں وابستہ ہیں ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

پشاوزلمی آزمودہ ہتھیاروں سے حریفوں پر حملے کیلیے تیار ہے،کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ضرورت اور پوزیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیرملکی کرکٹرز کو برقرار رکھا،شعیب ملک کا تجربہ کام آئے گا،درمیانی اوورز میں بہتر بولنگ کیلیے عثمان قادر سے امیدیں وابستہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ  www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہاکہ ہم نے پی ایس ایل 7کیلیے بہترین کرکٹرز کا انتخاب کیا،اگلا چیلنج میدان میں اتارنے کیلیے بہتر کمبی نیشن بنانا ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی وجوہات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں لیام لیونگ اسٹون نہیں آ سکے۔

ہمیں ڈیوڈ ملر کی خدمات حاصل کرنا پڑیں،اس بار لیونگ اسٹون بھی جوائن کررہے ہیں، ثاقب محمود نے کراچی میں منعقدہ میچز میں متاثرکن کارکردگی دکھائی، شرفین ردرفورڈ نے بھی اچھا پرفارم کیا،حضرت اللہ زازئی اور ٹام کوہلر کیڈمور بھی شاندارپرفارمکرنے میں کامیاب ہوئے،ہم نے ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہر پوزیشن کیلیے موزوں کھلاڑیوں کے انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان غیر ملکیوں کو برقرار رکھا۔ پیسر نے کہا کہ تجربہ کار شعیب ملک میرے کیلیے بڑے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

گذشتہ سال میں تھوڑی جدوجہد کر رہا تھا لیکن انھوں نے ہر مشکل صورتحال میں اچھے مشورے دیے، آل راؤنڈر گذشتہ 12 ماہ سے عمدہ پرفارم کر رہے ہیں،ایسے کھلاڑی کی ٹیم میں موجودگی سے دیگر کا حوصلہ بھی جوان رہتا ہے، توقع ہے کہ اس بار گذشتہ سیزن سے بھی بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کامران اکمل کے ساتھ رابطے میں غلط فہمی ہوئی تھی،وکٹ کیپر بیٹر نے ماضی میں پشاور زلمی کی کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا،ان کی واپسی خوشی کی بات ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن میں بولنگ یونٹ کے طور پر ہم مشکل میں رہے،البتہ بیٹنگ اچھی رہی، اسلام آباد یونائیٹڈ سے میچ میں تو ہم 245 کا ہدف حاصل کرنے کے قریب تھے، عثمان قادر درمیانی اوورز میں اٹیک کرتے ہیں،وہ پاکستان کے لیے بھی کھیل چکے، امید ہے کہ بولنگ میں ہمارے لیے بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔