کراچی مکان میں آتشزدگی سے بیوی جھلس کر ہلاک شوہر زخمی

آگ باورچی خانے میں کھانا پکاتے ہوئے لگی، مکان میں گیس کی لائن پلاسٹک کے پائپ کی ڈلی ہوئی ہے،پولیس


Staff Reporter January 29, 2022
آگ باورچی خانے میں کھانا پکاتے ہوئے لگی، مکان میں گیس کی لائن پلاسٹک کے پائپ کی ڈلی ہوئی ہے،پولیس ۔ فوٹو : فائل

LONDON: نیو کراچی میں مکان میں آتشزدگی کے دوران بیوی جھلس کر جاں بحق اور شوہر جھلس کر زخمی ہو گیا۔

نیو کراچی تھانے کی حدود نیوکراچی سیکٹر الیون ڈی مکان میں آتشزدگی کے واقعے میں خاتون اور ان کا شوہرجھلس کر شدید زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا جا رہا تھا کہ خاتون اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئیں۔

ایس ایچ او نیو کراچی شاہد تاج نے بتایا کہ متوفیہ خاتون کی شناخت42 سالہ ناہید فاطمہ اورجھلس کر زخمی ہونے والے شوہرکی شناخت 51 سالہ جنید ولد سید اسلام کے نام سے کرلی گئی۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ آتشزدگی کا واقعہ مکان کے باورچی خانے میں کھانے پکانے کے دوران پیش آیا ہے متوفیہ خاتون نے جیسے ہی چولہا جلایا توآگ بھڑک اٹھی شوہرنے آگ بھجانے کی کوشش کی جس کے دوران خاتون اور شوہردونوں جھلس گئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ متوفیہ خاتون کے 4 بچے ہیں جو اپنے اپنے کاموں پر گئے ہوئے تھے اور محفوظ ہیں ایس ایچ او نے بتایا کہ مکان میں گیس کی لائن پلاسٹک کے پائپ کی ڈلی ہوئی ہے،شبہ ہے کہ آگ مکان میں پلاسٹک کے پائپ سے گیس لیک ہونے کے باعث لگی تاہم پولیس نے فارنزک ٹیم کو موقع پر طلب کرلیا ہے جو آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں