حکومت کیخلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں، آصف زرداری کی فضل الرحمان کو یقین دہانی

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 فروری 2022
 عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے، فضل الرحمان ۔ فوٹو : فائل

عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے، فضل الرحمان ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

جے یوآئی کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر پوری اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔

یہ  بھی پڑھیں؛پی ڈی ایم کا وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ملاقات

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات چوہدری برادران سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان اورچوہدری برادران میں ملاقات کی اندرونی کہانی

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے چوہدری برادران کو وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے بارے اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کیا، اپوزیشن رہنما عدم لانے کے طریقہ کاربارے آئندہ دو روز میں پھر مشاورت کرے گی، اپوزیشن کی مشاورت سے آپ (چوہدری برادران) کو بھی آگاہ کریں گے۔

علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے کل شہبازشریف کی ملاقات بارے بھی چوہدری برادران سے استفسارکیا اور دونوں رہنماؤں کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کی راہ مزید ہموار کی۔ جے یو آئی کے سربراہ نے چوہدری برادران کو پرانے گلے شکوہ نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے آئندہ ساتھ چلنے پر رضا مند کرنے کی کوشش کی۔

یاد رہے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہورپہنچے تھے اور پی ڈی ایم کے ورچوئل اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔

بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدم اعتماد سے پہلے ہوم ورک مکمل کر کے اتحادیوں کو بھی رضامند کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔