سپرمین… کتاب سے معروف فلمی کردار تک

رانا نسیم  اتوار 20 مارچ 2022
 1948ء سے 2021ء تک سپرمین سیریز کی 12فلموں میں 5 ہیروز کردار نبھا چکے ۔  فوٹو : فائل

 1948ء سے 2021ء تک سپرمین سیریز کی 12فلموں میں 5 ہیروز کردار نبھا چکے ۔ فوٹو : فائل

بلاشبہ عصرحاضر میں شوبز انڈسٹری کو جتنی تیزی کے ساتھ ترقی نصیب ہوئی، وہ شائد کسی دوسرے شعبہ کے حصہ میں نہیں آئی، اس کی بڑی وجہ بھلے پیسا ہی ہے لیکن شائقین کی طرف سے اسے پسندیدگی کی سند عطا نہ ہوتی تو یہ پیسا بھی بے کار جاتا، اور اس پسندیدگی کی وجہ ماضی سے دور جدید تک اچھی کہانی اور کردار نگاری ہی رہی ہے۔

تخلیقی ذہن اور خداداد صلاحیتوں کے مالک لکھاریوں کی بہترین کہانیاں اور ان کہانیوں کے کچھ کردار تو جیسے امر ہو چکے ہیں، ایسے ہی کرداروں میں ایک کردار سپرمین ہے۔ غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک سپرمین کے کردار کی شروعات مذاحیہ کتب کے معروف امریکی پبلشر ڈی سی کامکس کی ایک کتاب سے ہوئی، اس کردار کے خالق معروف امریکی مزاح نگار جیری سیگل اور آرٹسٹ جوشسٹر ہیں۔1938ء میں پہلی بار ’’ایکشن کومک‘‘ نامی مزاحیہ کتاب کے نام سے اس سیریز کا آغاز ہوا، جس کی قیمت اس وقت صرف 10 سینٹ تھی۔

اس کتاب کو مزاح نگاری کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل ہوا، جس کی ایک دلیل کتاب کی مسلسل اور طویل اشاعت ہے، معلومات کے مطابق کتاب کے 904 شمارے شائع ہوئے، بعدازاں کچھ عرصہ تعطل کا شکار ہونے کے بعد یہ کتاب پھر سے چھپنے لگی۔ مزاح نگاری کے میدان میں یہ پہلی کتاب تھی، جس کے ابتدائی شمارے کی 30 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ اس کتاب کی کہانی میں سپرمین ایک تخیلاتی جزیرے پر پیدا ہوتا ہے، لیکن اس جزیرے کی تباہی کے خدشات کومدنظر رکھتے ہوئے سپرمین کے والدین اسے زمین پر بھیج دیتے ہیں۔

جہاں وہ ایک کسان کو ملتا ہے، جو اسے گود لے لیتا ہے، لیکن جیسے جیسے وہ بڑا ہونے لگتا ہے تو اس کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آنے لگتی ہے تو گود لینے والے والدین اسے اپنی صلاحیتیں غریبوں کی مدد کے لئے استعمال کرنے کی صلاح دیتے ہیں اور سپرمین یہی کرنے لگتا ہے، یوں وہ متعدد مواقعوں پر نہ صرف غریبوں بلکہ پوری دنیا کو تباہ ہونے سے بچاتا ہے۔ سپرمین کا کردار اس قدر مقبول ہوا کہ ’’ایکشن کامکس‘‘ کی اشاعت کے کچھ عرصہ بعد ہی یہ کردار ریڈیو، ٹیلی ویژن، فلموں، کارٹون اور ویڈیو گیمز کی زینت بن گیا۔

1941ء کے اوائل میں سپرمین نے بڑی سکرین پر انٹری کی،جہاں دو سال یعنی 1943ء تک 17 تھیٹر پلیز میں یہ کردار دکھایا گیا۔5 جنوری 1948ء کو سپرمین کے نام سے پہلی فلم ریلیز ہوئی، جس کی ہدایت کاری سپنسر گورڈن اور تھامس کار نے کی جبکہ پروڈیوسر سیم کاٹزمین تھے۔ 1951ء میں معروف امریکی پروڈکشن کمپنی لیپرٹ پکچرز نے پہلی سپرمین فیچر فلم ’’سپرمین اینڈ دی مول مین‘‘ ریلیز کی۔ 1974ء میں سپرمین کردار کے فلمی حقوق میکسین فلم پروڈیوسر الیاسالکائنڈ، یورپی فلم پروڈیوسر الیگزینڈر سالکائنڈ، اور فرانسیسی پروڈیوسر پیئر اسپینگلر نے خرید لئے۔ متعدد اسکرپٹس لکھنے کے بعد رچرڈ ڈونر کو اس فلم کے ڈائریکٹر کے طور پر فرائض دیئے گئے، سپرمین (1978ء) اور سپرمین II (1980ء) کو بیک وقت فلمایا گیا۔

ڈونر نے پہلی فلم کی شوٹنگ ختم کرنے سے قبل ہی کرسٹوفر ریو کے ساتھ سپرمین II کی 80 فیصد شوٹنگ کر لی تھی۔ سالکائنڈز نے سپرمین کی ریلیز کے بعد ڈونر کو برطرف کر دیا اور رچرڈ لیسٹر کو سپرمین II کو ختم کرنے کے لیے ڈائریکٹر بنا دیا۔ لیسٹر نے ہی سپرمین III (1983ء) بھی بنائی، جس کے بعد 1987ء میں سپرمین IV: دی کویسٹ فار پیس ریلیز ہوئی، تاہم اس بار سڈنے جے فیوری نے ہدایت کاری کے فرائض سرانجام دیئے۔

1993ء میں الیاسالکائنڈ نے سپرمین V کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے لیکن اسی وقت معروف امریکی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے سپرمین کے مکمل مالکانہ حقوق حاصل کر لئے، یوں پانچویں فلم کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

اس دوران مشہور امریکی فلم ڈائریکٹر ٹم برٹن نے سپرمین لائیوز بنائی، جس میں نکولس کیج نے اداکاری کی تھی لیکن وارنر برادرز نے اسے رد کر دیا۔ 2004ء میں پروڈکشن کمپنی نے امریکی ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور فلم نویس برائن سنگر کی خدمات حاصل کیں، جنہوں نے مذکورہ سیریز کی نئی فلم سپرمین ریٹرنز بنائی اور یہ 2006ء میں ریلیز کی گئی۔ فلم سیریز کو مین آف اسٹیل کے نام کے ساتھ 2013ء میں دوبارہ شروع کیا گیا تھا، جس کی ہدایت کاری زیک سنائیڈر نے کی تھی۔ 2016ء میں بیٹ مین وی سپرمین: ڈان آف جسٹس، 2017ء میں جسٹس لیگ اور ابھی تک سیریز کی آخری فلم زیک سنائیڈر جسٹس لیگ مارچ 2021ء میں ریلیز ہوئی۔

مجموعی طور پر سپرمین فلم سیریز کی اب تک 12 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں، جنہوں نے بلاشبہ نام کے ساتھ خوب کمائی بھی کی۔ فلم سیریز کی کامیابی کے لئے جہاں فلم نویسوں اور فلم سازوں نے دن رات ایک کیا وہاں ان فلموں کے ہیروز نے بھی بلاشبہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، اس سیریز میں ابھی تک 5 ہیروز نے کام کیا، جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

کرک ایلن

سپرمین سیریز کی پہلی فلم 1948ء اور دوسری ایٹم مین ورسز سپرمین 1950ء میں ریلیز ہوئی، ان دونوں فلموں میں پہلے سپرمین کا کردار کرک ایلن نے نبھایا۔ 8 اکتوبر 1910ء میں پیدا ہونے والے کرک ایک معروف امریکی اداکار ہیں، جنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1930ء میں بننے والی فلم Fast and Loose سے کیا، اداکار نے مجموعی طور پر 48 فلموں میں کام کیا۔ مزاحیہ کتب کے معروف امریکی پبلشر ڈی سی کامکس نے 1985ء میں اپنی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر کرک کو ان 50 افراد کی فہرست میں شامل کیا، جنہوں نے ڈی سی کامکس کو کامیابیوں کی بلندیوں تک پہنچایا، اسی طرح 1974ء میں اداکار کو ایک عالمی ایوارڈ انکپوٹ سے نوازا گیا اور پھر 14 مارچ 1999ء کو وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

جارج ریوز

سپرمین سیریز کی تیسری فلم 1951ء میں سپرمین اینڈ دی مول مین کے نام سے ریلیز ہوئی، جس کے ہیرو جارج ریوز تھے۔ 5 جنوری 1914ء کو پیدا ہونے والے امریکی اداکار جاری ریوز ہالی وڈ کی دنیا کی ایک معروف شخصیت تھے، 1939ء میں اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کرنے والے اداکار نے مجموعی طور پر 58 فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، اس کے علاوہ وہ متعدد ٹیلی ویژن سیریز میں بھی کام کر چکے ہیں تاہم انہیں زندگی نے زیادہ مہلت نہ دی اور صرف 45 برس کی عمر میں وہ 16 جون 1959ء کو انتقال کر گئے۔

کرسٹوفر ریو

امریکی اداکار اور ہدایت کار کرسٹوفر ریو کی بات کی جائے تو انہیں بحیثیت سپرمین سب سے کامیاب اور معروف اداکار تصور کیا جاتا ہے، انہوں نے 1978ء سے 1987ء تک لگاتار سپرمین سیریز کی 4 فلموں میں مرکزی کردار نبھایا اور یہ تمام فلمیں باکس آفس پر سپرہٹ رہیں۔کرسٹوفر 25 دسمبر 1952ء کو نیویارک سٹی میں پیدا ہوئے۔ اداکار نے فنی کیرئیر کا آغاز تھیٹر سے کیا اور جلد ہی فلم کی جانب راغب ہو گئے، انہوں نے مجموعی طور پر 36 فلموں، 15ٹیلی ویژن سیریز اور متعدد تھیڑ پلیز میں کام کیا۔ بہترین خدمات اور پرفارمنس پر کرسٹوفر کو بافاٹا، سکرین ایکٹر گلڈ، ایمی اور گریمی جیسے متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔ 52سال کی عمر میں 10اکتوبر 2004ء کو اداکار دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔

برینڈن روتھ

2006ء میں سپرمین سیریز کی آٹھویں فلم سپرمین ریٹرنز کے نام سے ریلیز ہوئی، جس میں سپرمین کا کردار خوش شکل اور معروف امریکی اداکار برینڈن روتھ نے ادا کیا۔ 9 اکتوبر 1979ء کو پیدا ہونے والے اداکار نے 1999ء میں اپنی فنی کیرئیر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیا اور 7 سال بعد یعنی 2006ء میں ان کی پہلی فلم Karla کے نام سے ریلیز ہوئی، جس میں ان کی بہترین پرفارمنس کو ہر سطح پر ستائش حاصل ہوئی، انہوں نے مجموعی طور پر اب تک 22 فلموں، 33 ٹیلی ویژن سیریز، 4 ویڈیو گیمز اور 3 میوزک ویڈیوز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ بہترین کارکردگی پر اداکار کو متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے، تاہم یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔

ہینری کیول

سیریز کے اب تک کے آخری سپرمین ہینری کیول ہیں، جو 2013ء سے 2021ء تک مسلسل 4 فلموں میں مذکورہ کردار نبھا چکے ہیں۔ 5 مئی 1983ء کو جرسی میں پیدا ہونے والے برطانوی اداکار نے فنی کیرئیر کا آغاز 2001ء میں ریلیز ہونے والی فلم Laguna سے کیا، جس کے بعد انہیں معروف فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا، جن میں سپرمین سیریز کے علاوہ Mission: Impossible – Fallout، The Man from U.N.C.L.E.، Immortals، Red Riding Hood، Hellraiser: Hellworld وغیرہ شامل ہیں۔ فلم کے ساتھ ہینری کو ٹیلی ویژن سے بھی کافی مقبولیت حاصل ہوئی، خصوصاً The Tudors میں ان کے رول کو بہت پسند کیا گیا۔ رواں برس یعنی 2022ء میں ان کی مزید دو فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔