لاہور ٹیسٹ سخت گرمی نے عثمان خواجہ کے چھکے چھڑا دیے

 دورانِ بیٹنگ خود کو تھوڑا بیمار محسوس کرنے پر ادویات کااستعمال کیا،اوپنر


Sports Reporter March 22, 2022
اگلے دنوں میں کنڈیشنز مشکل ہونے کی توقع ہے،آسٹریلیا فائدہ اٹھائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہورمیں سخت گرمی نے عثمان خواجہ کے چھکے چھڑا دیے جب کہ ان کے مطابق دوران بیٹنگ خود کو تھوڑا بیمار محسوس کرنے پر ادویات کا بھی استعمال کیا۔

تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سیریز میں دوسرا موقع ہے جب وہ نائنٹیز میں آنے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد ورچوئل میڈیاکانفرنس میں عثمان خواجہ نے کہا کہ میں نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے سخت گرمی کے چیلنج کا سامنا کیا،میں خود کوتھوڑا بیمار محسوس کررہا تھا، وقفے کے دوران ادویات کا استعمال بھی کیا، بدقسمتی سے سنچری نہ مکمل کرپایا۔

انھوں نے کہا کہ پچ خشک اور کراچی سے قدرے مختلف ہے، گیند ریورس سوئنگ ہورہی تھی،میچ کا پہلا دن ہونے کے باوجود گیندیں حیران کن طور پر نیچی بھی رہیں، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ اچھے ردھم میں نظرآئے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ اس پچ پر رنز بنانا آسان نہیں ہے، ابتدا میں وکٹیں گرنے کے بعد صبر وتحمل سے بولرز اور کنڈیشنز کا مقابلہ کرنے کی ضرورت تھی، اس میں ہم کسی حد تک کامیاب بھی ہوئے اور ابتدا میں پیش آنے والی مشکل صورتحال سے نکل آئے۔

انھوں نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ ایک بار پھر اچھے آغاز کے بعد سنچری مکمل نہیں کرپائے، میں بھی بدقسمتی سے آؤٹ ہوگیا،اگلے دنوں میں کنڈیشنز مشکل ہونے کی توقع ہے جس کا ہم فائدہ اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں