ایرون فنچ فارم میں نہ ہونے کے باعث مایوس ہیں، آسٹریلیا کے عبوری ہیڈ کوچ

اسپورٹس رپورٹر  پير 4 اپريل 2022
فارم بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اینڈریو میکڈونلڈ۔ فوٹو : اے ایف پی

فارم بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اینڈریو میکڈونلڈ۔ فوٹو : اے ایف پی

 لاہور: آسٹریلوی ٹیم کے عبوری کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے تسلیم کیا ہے کہ کپتان ایرون فنچ اچھی فارم میں نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں لیکن کھیل میں ہر کھلاڑی کے ساتھ ایسا ہوتا رہتا ہے، ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ وہ اچھی اننگز کھیل کر فارم حاصل کرلیں۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں آسٹریلوی عبوری ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ واحد ٹی ٹوئنٹی میں آشٹن اگر اور جوش انگلس بھی پلینگ الیون کے لیے دستیاب ہوں گے، ون ڈے سیریز میں بہترین کھلاڑی میدان میں اتارے، ٹریوس ہیڈ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

پاکستانی کپتان کی تعریف کرتے ہوئے اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹر اور اس وقت بہترین فارم میں ہیں جس کا فائدہ پاکستان ٹیم کو مل رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف منگل کو شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچ میں مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں حالات تھوڑا مختلف ہوتے ہیں، ٹاس کا کردار اتنا زیادہ نہیں تھا، پاکستانی ٹیم نے زبردست پرفارمنس دی اور خاص طور پر بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی جبکہ دوسرے کھلاڑی بھی اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں۔

اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ پاکستان آنے اور آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ بہت یادگار رہا، مستقبل میں ذمہ داریاں جاری رکھنے کا انحصار کرکٹ آسٹریلیا پر ہے کہ انہوں نے کیا سوچ رکھا ہے، بطور کوچ ٹیسٹ سیریز جیتی، تین میں سے ایک ون ڈے میں بھی فتح پائی اس لیے اپنی جاب سے مطمئن ہوں۔

آسٹریلوی عبوری ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت زیادہ خیال رکھا جا رہا ہے، یہ ایک تاریخی دورہ ہے، یہاں سے اچھی اور خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔