طالبان نے ایک ماہ کے لئے غیر مشروط جنگ بندی کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 مارچ 2014
ہم نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں، ترجمان طالبان۔   فوٹو: فائل

ہم نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں، ترجمان طالبان۔ فوٹو: فائل

میرانشاہ: کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک ماہ کے لئے یکطرفہ طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی تنظیم میں ہر فیصلہ شوریٰ کے اتفاق اور امیر کی تائید کے ساتھ کیا جاتا ہے، طالبان نے نیک مقاصد اور سنجیدگی سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا، حکومت نے مذاکراتی عمل میں ڈیڈ لاک کے خاتمے اور جنگ بندی کے لئے کمیٹی کو دی گئی تجاویز کا مثبت جواب دیا اور ہماری تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

شاہد اللہ شاہد کے مطابق تحریک طالبان ملک کے اکابرین و علمائے کرام کی اپیل، طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے احترام اور اسلام و ملک کے مفاد میں ایک ماہ کے لئے جنگ بندی کا اعلان کررہی ہے جس کا اطلاق تحریک طالبان پاکستان اور ان کی تمام ذیلی تنظیموں پر ہوگا، تحریک طالبان اپنے تمام حلقہ جات کو ہدایت جاری کرتی ہے کہ وہ بھی حکومت کے ساتھ جنگ بندی کا احترام کرتے ہوئے اس کی مکمل پاسداری کریں اور اس دوران ہر قسم کی کارروائیوں سے اجتناب برتیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دہشتگردی کی پے درپے کارروائیوں کے بعد حکومت نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔