محبت میں ناکامی پر لڑکی کی چھت سے چھلانگ لگانے کی ویڈیو وائرل

زخمی لڑکی کی شناخت 25 سالہ دامنی کے نام سے ہوئی ہے جو جناح اسپتال میں زیرعلاج ہے، پولیس حکام


Staff Reporter May 16, 2022
متاثرہ لڑکی ڈرگ روڈ میں اپنے ماموں کے گھر رہائش پذیر تھی اور گھریلو ملازمہ ہے، پولیس حکام۔ فوٹو:اسکرین گریپ

لڑکی کسی کو پسند کرتی تھی اور محبت میں ناکامی کی وجہ سے اس نے گھر کی چھت سے چھلانگ لگائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گھر کی چھت سے چھلانگ لگانے والی لڑکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لڑکی گھر کی تیسری منزل پر کھڑی ہے اور یک دم نیچے کود جاتی ہے۔

واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس نے تحقیقات شروع کردیں، تو انکشاف ہوا کہ لڑکی کسی کو پسند کرتی تھی اور محبت میں ناکامی پر دل برداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی۔ پولیس حکام کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں گھر کی چھت سے چھلانگ لگانے والی جوان لڑکی کا سراغ لگا لیا گیا ہے، لڑکی گھریلو ملازمہ ہے اور ڈرگ روڈ کی رہائشی ہے، جب کہ اس کا آبائی تعلق ٹھٹھہ سے ہے۔

ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی منظور آرائیں نے بتایا کہ نوجوان لڑکی کی شناخت 25 سالہ دامنی کے نام سے ہوئی ہے جو کراچی کے علاقے ڈرگ روڈ میں اپنے ماموں کے گھر رہائش پذیر تھی اور گھریلو ملازمہ ہے، گھر کی چھت سے چھلانگ لگانے کا واقعہ 11 مئی بدھ کے روز کینٹ ڈرگ روڈ کے علاقے میں پیش آیا، واقعے میں لڑکی کی ٹانگوں میں فریکچر آئے ہیں اور جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی نے مزید بتایا کہ انھیں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے ذریعے ہی واقعے کا علم ہوا ہے، پولیس نے تحقیقات شروع کردی لیکن لڑکی کسی بھی سرکاری اسپتال میں نہیں پہنچی، تاہم پولیس نے لڑکی کا سراغ لگا لیا، زخمی لڑکی کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ کسی کو پسند کرتی تھی اور اسی وجہ سے اس نے گھر کی چھت سے چھلانگ لگائی، واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

 


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں