تربیتی کیمپ میں پاور ہٹنگ کا زبردست مظاہرہ

عباس رضا  بدھ 18 مئ 2022
تمام پیسرز نے گرمی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھرپور قوت سے بولنگ کی۔ فوٹو : اے ایف پی

تمام پیسرز نے گرمی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھرپور قوت سے بولنگ کی۔ فوٹو : اے ایف پی

 لاہور:  قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ میں پاور ہٹنگ کا زبردست مظاہرہ دیکھنے میں آیا جب کہ پیسرز نے گرمی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھرپور قوت سے بولنگ کرائی۔

کنڈیشننگ کیمپ میں اتوار کے روز رپورٹ کرنے والے قومی کرکٹرز کے پیر کو فٹنس ٹیسٹ ہوئے تھے،گزشتہ روز مشقوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، صبح کھلاڑیوں نے جم میں جسمانی استعداد بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، پول میں بھی اچھا وقت گزارنے کا موقع ملا، سہ پہر کو تمام کرکٹرز نے ایل سی سی اے گراؤنڈ کا رخ کیا، وہاں پر نوٹ بک ہاتھ میں لیے محمد یوسف نے بیٹرز کو جوڑیوں میں پریکٹس کا موقع دیا۔

آصف علی،خوشدل شاہ،فخرزمان، افتخار احمد، حیدر علی، محمد حارث اور کامران غلام نے دل کھول کر اونچے اسٹروکس کھیلے،فیلڈرز کو بار بار گیند باؤنڈری کے پار سے اٹھاکر لانا پڑی،اس دوران فٹ ورک کی خامیوں سے بھی آگاہ کیا جاتا رہا، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے بھی طویل سیشنز کیے۔

بیٹنگ کوچ نے ٹاپ اور مڈل آرڈر کے بعد لوئر آرڈر بیٹرز کو بھی کریز پر بلاکر بہتر اسٹروکس کھیلنے کے گْر بتائے،بولنگ کوچ شان ٹیٹ کی توجہ کا مرکز پیسرز رہے،شاہنواز دھانی،محمد وسیم جونیئر، میر حمزہ اور ارشد اقبال نے سخت گرمی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھرپور قوت سے بولنگ کی۔

کوچ نے خود گیندیں کرتے ہوئے بولرز کو کریز تک پہنچتے ہوئے توانائی بحال رکھنے کے نسخے بتائے، معاون کوچز نے نو بال کو کنٹرول کرنے پر خصوصی توجہ دی، شاداب خان، عثمان قادر، محمد نواز، یاسر شاہ اور فیصل اکرم سمیت اسپنرز نے بھی سازگار کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لائن و لینتھ سے بیٹرز کو پریشان کرنے کی کوشش جاری رکھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔