چار سال کی نالائقیاں چار دن میں ختم نہیں ہوتیں خاقان عباسی

عمران خان جواب دے کہ چار سال میں حالات بہتر کرنے کے کیا اقدامات کیے؟ رہنما ن لیگ


کورٹ رپورٹر June 09, 2022
(فائل : فوٹو)

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چار سال کی کوتاہیاں اور نالائقیاں چار دن میں ختم نہیں ہوتیں، عمران خان جواب دے کہ چار سال میں حالات بہتر کرنے کے کیا اقدامات کیے؟

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوتھا سال ہے احتساب کا عمل سب کے سامنے ہے، اب تک 54 پیشیاں ہوچکی ہیں، ہمیشہ رائے رہی ہے کہ نیب کو ختم کیا جانا چاہیے، آج ایک اور قانون منظور ہورہا ہے تاکہ انصاف بھی ہو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب احتساب کے بجائے انتقامی کارروائی میں مصروف ہے، ہم کہتے ہیں ہمارے کیسز چلاتے رہیں لیکن نیب کو ختم کریں، چیئرمین نیب اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں، قوم پوچھتی ہے کہ اثاثے کہاں سے بنے، 4 سال کی کوتاہیاں اور نالائقیاں 4 دن میں ختم نہیں ہوتی، استحکام کا عمل شروع ہوگیا ہے بہت جلد اثرات عوام دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات ٹھیک کرنے میں وقت لگنا ہے، ہمارے مقدمات میں بھی پراسیکیوشن پیش نہیں ہوتی، ججوں پر دباؤ نہیں ہے، لا منسٹری لائحہ عمل تیار کر رہی ہے، علی وزیر کا معاملہ بھی یہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 15 جون تک 3 گھنٹے اور 30 جون تک 2 گھنٹے اوسطا لوڈ شیڈنگ تک پہنچ جائے گی، فیول کے آرڈر بروقت نہیں کیے گئے تھے جس کی وجہ سے فیول کی کمی کا سامنا ہے، معاشرے کے کمزور طبقے کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، کے الیکٹرک سے معاہدہ 650 میگاواٹ کا ہے لیکن باقی ملک سے کاٹ کر 1100 میگاواٹ دیا جارہا ہے، گیس کی سپلائی بھی جاری ہے، فیول کی قیمت بڑھنے سے بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب کے لیے مشاورت جاری ہے،عمران خان جواب دے کہ 4 سال میں حالات بہتر کرنے کے کیا اقدامات کیے گئے، سیاست بچانے کے لیے اب وہ ہر بات کہنے کے لیے تیار ہیں، پیٹرول کی قیمت کا بنیادی اصول ہے کہ قیمت خرید سے کم قیمت پر فروخت نہیں کیا جاسکتا۔ آج بھی حکومت پیٹرول پر ایک روپیہ ٹیکس نہیں لے رہی، سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی 17 اگست تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر شریک ملزم سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی بریت کی درخواست پر دلائل دیئے جائیں گے۔ شریک ملزم سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق نے نیب آرڈی ننس کے تحت درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں