کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دوارنیہ 12 سے 14گھنٹے تک پہنچ گیا

مستثنیٰ علاقوں میں تین گھنٹوں سے آٹھ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے


Staff Reporter June 10, 2022
رات کے اوقات میں بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: کراچی بدترین لوڈ شیڈنگ کی زد میں آگیا، مختلف علاقوں میں دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ مستثنیٰ علاقوں میں تین گھنٹوں سے آٹھ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے شہر میں گیس کی کمی کا جواز بنا کر تاریخ کا بلند ترین ٹیرف لینے کے باوجود تاریخ کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے پانی کی قلت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے رات کے اوقات میں بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے شہری رات جاگ کر گزارنے پر مجبور ہوگئے اور دن میں بھی بجلی بند کی جا رہی ہے۔

کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا تھا کہ تین گھنٹے بجلی بند کی جائے گی لیکن مختلف مستثنیٰ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین گھنٹے سے آٹھ گھنٹے تک کی جا رہی ہے۔

کراچی میں اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لا نڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، کیماڑی، رنچھوڑ لائن، گارڈن، لیاری، بلدیہ ٹاون، اورنگی ٹاون، نارتھ کراچی، نیو کراچی، نارتھ کراچی، پی آئی بی کالونی، لائز ایریا، شاہ لطیف ٹاون، گلشن معمار، احسن آباد، گڈاپ سمیت دیگر شامل ہیں جہاں کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے، ان علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ماضی میں مصنوعی لوڈ شیڈنگ کرکے سستا فرنس آئل حاصل کرتی رہی ہے جبکہ اس بار سستی گیس کا حصول چاہتی ہے۔ ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کی واجبات کی ادائیگی کی صورت میں مقرر گیس دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کے الیکٹرک ہمیشہ سستی بجلی پر انحصار کرتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کے الیکٹرک اپنے پاور پلانٹ سے بجلی بنانے کے بجائے سستی بجلی پر انحصار کر رہی ہے اس وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے تاکہ عوامی دباو آنے کی صورت میں حکومت سستی گیس فراہم کرائے، کے الیکٹرک کی اس بلیک میلنگ میں کراچی کے شہر ی بھاری بھرکم بل دینے کے باوجود اذیت ناک لوڈ شیڈنگ برداشت کر ر ہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا کی جانب سے مسلسل کے الیکٹرک کو نوازنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، کے الیکٹرک کو ہر دوسرے ماہ فیول ایڈجسمنٹ کے نام تین سے پانچ روپے فی یونٹ میں اضافہ کی منظوری دی جا رہی ہے لیکن نیپرا کے الیکٹرک سے بدترین لوڈ شیڈنگ کی کوئی باز پرس نہیں کر رہی ہے جس کی شکوک و شہبات پیدا ہو رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں