این ای ڈی داخلہ ٹیسٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 80 فیصد کم طلبہ شریک ہوئے

این ای ڈی داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب طلبہ کا تناسب 55 فیصد رہا


Safdar Rizvi August 05, 2022
(فوٹو : فائل)

ISLAMABAD: ملک میں انجینیئرنگ کے رجحان میں کمی آنے لگی، این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 80 فیصد کم طلبہ شریک ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے نئے تعلیمی سیشن 2023 کے داخلوں کے سلسلے میں لیے گئے رجحان ٹیسٹ کے نتائج جاری ہوگئے ہیں اور نتائج کے اعداد و شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ طلباء و طالبات میں انجینیئرنگ کی تعلیم کے حصول کا رجحان انتہائی کم ہوگیا اور گزشتہ سال کہ نسبت اس سال این ای ڈی کے داخلوں کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کی تعداد 80 فیصد کے قریب کم ہوگئی ہے۔

یونیورسٹی کے آفیشل اعداد و شمار کے مطابق اس سال داخلہ ٹیسٹ میں 8364 میل/فیمیل امیدوار شریک ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ برس کی تعداد ساڑھے 14 ہزار کے لگ بھگ تھی تاہم گزشتہ سال داخلے میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دیے گئے تھے جبکہ اس سال داخلے انٹر سال اول کے نتائج کی بنیاد پر دیے جارہے ہیں۔

گزشتہ برسوں میں انجینیئرنگ کے مختلف شعبوں میں داخلوں کی درخواست دینے والوں کی یہ تعداد 12 ہزار کے آس پاس رہی ہے علاوہ ازیں این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب طلبہ کا تناسب 55 فیصد ہے جبکہ ٹیسٹ میں سندھ کے سرکاری تعلیمی بورڈ میں سب سے بہتر 63 فیصد نتائج کراچی بورڈ کے رہے جبکہ سندھ کے دیگر تعلیمی بورڈز میں سے کوئی بھی بورڈ 25 فیصد سے زائد نتائج نہیں دے سکا ہے۔

ادھر این ای ڈی یونیورسٹی کے پُرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے بھی یہ بات "الارمنگ" ہے کہ امیدواروں کی تعداد اچانک اتنی کم کیوں ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اب انجینیئرنگ کے شعبوں میں طلبہ کے تعلیم کا رجحان کم ہورہا ہے اور طلبہ دیگر شعبوں کی جانب جارہے ہیں۔

ڈاکٹر طفیل نے یہ بھی بتایا کہ اس سال دائود انجینیئرنگ یونیورسٹی اور مہران یونیورسٹی میں بھی اپلائی کرنے والوں کی تعداد کم رہی ہے اور ہم اس سلسلے میں تحقیق بھی کریں گے.

علاوہ ازیں یونیورسٹی کے تحت رجحان ٹیسٹ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق حیدرآباد بورڈ سے انٹر کرنے ٹیسٹ میں شریک طلبہ میں سے 25 فیصد نے ،سکھر بورڈ سے 23 فیصد نے ،لاڑکانہ بورڈ سے 21 فیصد نے ، میرپورخاص بورڈ سے 21 فیصد نے اور نواب شاہ بورڈ سے 23 فیصد طلبہ نے ٹیسٹ پاس کیا ہے.

دوسری جانب فیڈرل بورڈ کے 78 فیصد، کیمبرج بورڈ کے 90 فیصد اور آغا خان بورڈ کے 81 فیصد طلبہ نے رجحان ٹیسٹ پاس کیا ہے ٹیسٹ میں 2657 طالبات شریک اور 1857 پاس ہوئی اور اس طرح شریک طالبات میں سے 68 فیصد طالبات پاس ہوئی اسی طرح 5707 طلباء شریک اور 2801 پاس ہوئے اس طرح شریک مرد امیدواروں میں سے 49 فیصد کامیاب رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے