دورہ نیدر لینڈز کی تیاریاں بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 6 اگست 2022
(فوٹو: اے ایف پی) کیمپ میں شریک پلیئرز کا بابراعظم نے خصوصی لیکچرمیں حوصلہ بڑھا دیا

(فوٹو: اے ایف پی) کیمپ میں شریک پلیئرز کا بابراعظم نے خصوصی لیکچرمیں حوصلہ بڑھا دیا

لاہور: دورہ نیدر لینڈز کیلیے قومی کرکٹرز کی مشقوں کا ہفتے کو آغاز ہوگا اور اسکواڈ کیلئے منتخب کھلاڑیوں نے لاہور میں رپورٹ کردیا ہے۔

گزشتہ روز منیجر منصور رانا کی زیر سربراہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں کپتان بابر اعظم نے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے پلیئرز کا حوصلہ بڑھایا،انھوں نے کھلاڑیوں کو وائٹ بال کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت دی۔

گزشتہ روز لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہوگئی ہے جبکہ آج بھی رم جھم کا امکان ہے، اس صورتحال میں کھلاڑیوں کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑسکتا ہے،11 اگست تک جاری رہنے والے کیمپ میں پاکستان شاہینز کیخلاف 2پریکٹس میچز بھی شامل ہیں،ان میں سے پہلا اتوار کو کھیلا جائے گا،اس دوران بھی بارش کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں بنائی جانے والی وسطی پچز ابھی تیاری کے مراحل میں ہیں،صرف سائیڈ پچز پر نیٹس لگیں گے،پریکٹس میچز بھی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، گرائونڈ اسٹاف نے تربیتی کیمپ کیلیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں،میدان سے غیر ضروری گھاس کاٹ دی گئی، صفائی ستھرائی کا کام بھی کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسکواڈ کو فاسٹ بولر حارث رؤف اتوار جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان بعد میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔