ایشیا کپ؛ اسکواڈز کی نقاب کشائی کیلیے مزید مہلت مل گئی

اسپورٹس ڈیسک  پير 8 اگست 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) اے سی سی نے بنگلہ دیشی درخواست پر ڈیڈ لائن 8 سے بڑھاکر 11 اگست کردی

(فوٹو: ٹوئٹر) اے سی سی نے بنگلہ دیشی درخواست پر ڈیڈ لائن 8 سے بڑھاکر 11 اگست کردی

کراچی: ایشیا کپ کے اسکواڈز کی نقاب کشائی کیلیے مزید مہلت مل گئی جب کہ ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیشی درخواست پر ڈیڈ لائن بڑھاکر 11 اگست کردی۔

اے سی سی نے ایشیا کپ میں شریک ملکوں کو ٹیمیں منتخب کرنے کیلیے 8 اگست کا وقت دیا گیا تھا،اب تک پاکستان نے ہی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے،بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹرز لٹن داس اور نورالحسن زمبابوے کے دورے میں انجرڈ ہوئے ، بورڈ کو ان کی فٹنس رپورٹ کا انتظار ہے، اسی لیے ایشین کرکٹ حکام سے مزید وقت مانگا تھا،دوسری جانب بھارتی اسکواڈ کا بھی جلد اعلان ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق سینئر بیٹر ویراٹ کوہلی کی واپسی کا امکان روشن ہے، وہ کافی عرصے سے آئوٹ آف فارم ہیں اس لیے انھیں آرام کا موقع فراہم کیا گیا تھا، بعض سابق کرکٹرز نے ایشیا کپ میں کوہلی سے اننگز کا آغاز کرانے کا مشورہ بھی دیا ہے،البتہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ مشاورت کے بعد کرے گی۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 27 اگست سے نیوٹرل وینیو یو اے ای میں منعقد ہوگا، علاقائی ایونٹ میں خطے کے 5 ٹیسٹ ممالک بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان شریک ہیں، چند ایسوسی ایٹ ممالک کوالیفائرز سے مین ڈرا میں جگہ بناپائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 27 اگست کو گروپ ” بی ” میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا، پاک، بھارت مقابلہ 28 اگست کو شیڈول ہے، ابتدائی دونوں میچز دبئی میں ہوں گے، بنگلہ دیش کا ایونٹ میں سفر 30 اگست کو شارجہ میں افغانستان کیخلاف میچ سے شروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔