روہڑی بائی پاس پر کوچ اُلٹ گئی، خواتین و بچوں سمیت 8 مسافر جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 16 اگست 2022
سوات سے کراچی آنے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی (فوٹو ٹوئٹر)

سوات سے کراچی آنے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی (فوٹو ٹوئٹر)

سکھر: روہڑی بائی پاس پر مسافر کوچ  اُلٹ جانے سے خواتین و بچوں سمیت 8 مسافر جاں بحق ہو گئے جب کہ 20 سے زائد زخمیوں میں سے چند کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سوات سے کراچی آنے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی۔  حادثے کا شکار ہونے والی کوچ موٹر وے سے روہڑی انٹرچینج کے ذریعے قومی شاہراہ پر آ رہی تھی۔

ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں خواتین و بچوں سمیت 20 سے زائد مسافر زخمی ہیں، جن میں سے چند کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 8 مسافروں میں 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق موڑ کاٹتے وقت اُلٹ جانے کے حادثے میں جہاں مسافر ہلاک و زخمی ہوئے، وہیں کوچ بھی بری طرح تباہ ہوگئی۔  حادثے کے بعد 7 مسافروں کی لاشیں تعلقہ اسپتال روہڑی پہنچائی گئیں، جبکہ ایک زخمی خاتون بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔