آٹھ برس بعد پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی پاکستان ویمن فٹبال ٹیم شکست سے دوچار

پہلے انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی فٹبال ٹیم کو روائتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا


Sports Reporter September 07, 2022
فوٹو فائل

آٹھ برس کے طویل وقفے کے بعد پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی پاکستانی ویمن فٹبال ٹیم کو دفاعی چیمپئن و روائتی حریف بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایکسپریس نیوز نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں چھٹے ساف ویمن فٹبال کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں 8 سال بعد پاکستان کی ویمن فٹبال نے بھی شرکت کی اور اپنے پہلے انٹرنیشنل میچ ہی شکست سے دوچار ہوگئی۔

پاکستانی ٹیم کوشش کے باوجود کوئی گول نہ کرسکی اور بھارتی ٹیم نے پاکستان کو تین گول سے شکست دی۔

پاکستان کے خلاف پہلا گول کھیل کے 21 ویں منٹ میں قومی کپتان ماریہ خان سے سلیف گول ہوا، گول کیپر ماہ پورہ ریورس پاس روک نہ سکی اور گیند جال میں چلی گئی جب کہ دو منٹ بعد ہی گریس دانگمی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-2 کی سبقت دلوا دی۔

دوسرے ہاف میں بھی یہ ہی اسکور رہا، بھارت کا تیسرا گول سومایہ گگلوتھ نے اضافی وقت میں کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے 2014 میں اپنا آخری انٹرنیشنل میچ تھا، جس کے بعد سے مسلسل 8 برس ٹیم عالمی کپ سے باہر رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل پانچ مرتبہ ساف کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے خلاف پاکستان نے اچھا کھیل پیش کیا ، تجربہ اور فٹنس میں کمی، دفاعی انداز اور جلد بازی کے سبب قومی ویمن ٹیم ناکامی سے دوچار ہوئی تاہم انگلینڈ میں ویمن ایف اے کپ کی فٹبالر نادیہ خان کی شمولیت سے قومی ٹیم کو تقویت ملی۔

گروپ اے میں پاکستان 10 ستمبر کو اپنا دوسرا میچ بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا جب کہ تیسرے میچ میں 13 ستمبر کو مالدیپ سے ٹکراو ہوگا، 16 ستمبر کو سیمی فائنلز جب کہ فائنل 19 ستمبر کو شیڈول ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں