شاداب خان ٹیم ورک کی بدولت ایشیاکپ ٹائٹل پانے کیلئے پْرامید

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 11 ستمبر 2022
(فوٹو: پی سی بی) پہلے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد ہم پْراعتماد تھے کہ کم بیک کریں گے، آل راؤنڈر

(فوٹو: پی سی بی) پہلے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد ہم پْراعتماد تھے کہ کم بیک کریں گے، آل راؤنڈر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان ٹیم ورک کی بدولت ایشیا کپ ٹائٹل پانے کیلیے پْرامید ہیں۔

آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی انجری اور بیٹرز کے فارم کا متلاشی ہونے کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ پاکستان ایونٹ سے ہی باہر ہوجائے گا مگر کرکٹ میں انفرادی کوشش نہیں ٹیم ورک سے کامیابیاں ملتی ہیں،پہلے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد ہم پْراعتماد تھے کہ کم بیک کریں گے۔

شاداب خان نے کہا کہ محمد رضوان نے کئی اچھی اننگز کھیلیں، بھارت کیخلاف محمد نواز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، افغانستان کیخلاف ا گرچہ مین آف دی میچ میں تھا مگر بازی نسیم شاہ کے چھکوں نے پلٹی،پلیئنگ الیون میں شامل تمام کھلاڑی میچ ونر کی ذمہ داری اٹھانے کا عزم لیے میدان میں اترتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم سری لنکا کیخلاف فائنل جیت کر سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات کا سامنا کرنے والے عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں لانا چاہتے ہیں،چیمپئن ٹیمیں پریشر برداشت کرنے کا ہنر جانتی ہیں،ہماری کوشش ہوگی کہ فیصلہ کن معرکے میں فتح اپنے نام کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔