سوئمنگ پول میں نہانے کے بعد سانس اکھڑنے سے نوجوان جاں بحق

16 سالہ طلحہ نہانے کے بعد باہر نکلا اور بتایا کہ اسے سانس لینے میں مشکل ہے، دوست اسپتال لے گئے لیکن جانبر نہ ہوسکا


Staff Reporter September 11, 2022
16 سالہ طلحہٰ حسین ولد زاہد حسین ایڈوکیٹ کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

کراچی کے ایک سوئمنگ پول میں نہانے کے بعد سانس اکھڑنے سے 16 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ واقعہ گڈاپ میں واقع ایک نجی فارم ہاؤس میں پیش آیا جس میں نجی کال سینٹر کے ملازم لڑکے نہانے کے لے سوئمنگ پول پر آئے تھے کہ گلشن اقبال کا رہائشی 16 سالہ طلحہ حسین ولد زاہد حسین جاں بحق ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق طلحہ اتوار کو کال سینٹر میں کام کرنے والے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کوزی واٹر پارک کے قریب السراج فارم ہاؤس میں پکنک کے لیے آیا تھا کہ سوئمنگ پول میں نہانے کے بعد باہر نکلا اور بتایا کہ اس کی سانس رک رہی ہے جس پر اسے قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

متوفی کی لاش پولیس کارروائی کے لیے نجی اسپتال سے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور طلحہ کی ہلاکت کی اطلاع علاقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

متوفی کے رشتے داروں، دوستوں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد طلحہ کے گھر پہنچ گئی، متوفی کی نماز جنازہ بعد نماز عصر منیلا سینٹر کی مسجد میں ادا کی گئی گھر سے جنازہ اٹھنے پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھے گئے، طلحہ کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

متوفی گلشن اقبال بلاک 13 ڈی تھری منیلا سینٹر میں پانچویں فلور پر کارنر ہاؤس کا رہائشی تھا۔ طلحہ نے گلشن اقبال حسن ایکسٹینشن کے عقب میں واقعہ برائٹ فیوچر انگلش اسکول سے رواں سال دسویں جماعت کا کمپیوٹرسائنس سے امتحان پاس کیا تھا۔

طلحہ نے جوہر ڈگری کالج میں فرسٹ ائیر میں داخلہ لیا تھا، وہ تین بھائی اور ایک بہن میں سب سے بڑا تھا۔ طحہ کے والد نے دسویں جماعت کے امتحانات کے بعد اسے ایک کال سینٹر میں اس لیے کام پر لگا دیا تھا تاکہ وہ فالتو گھومنے پھرنے سے بچ سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔