کراچی؛ تین نوجوانوں کی گھروں سے پھندا لگی لاشیں برآمد

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 ستمبر 2022
پولیس نے تینوں واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے

پولیس نے تینوں واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے

 کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں سے تین نوجوانوں کی اپنے گھروں میں پھندا لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جسے پولیس ابتدائی طور پر خودکشی کا واقعہ قرار دے رہی ہے۔

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے فقیرا گوٹھ میں گھر سے نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت 20 سالہ ذیشان کے نام سے کی گئی، جس کے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی اور دونوں نے شادیاں بھی کرلی تھیں، تاہم متوفی اس صورتحال سے دلبرداشتہ تھا،جس پر اس نے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے۔ متوفی سبزی منڈی میں ملازمت اور دوست کے ساتھ کرایے پر رہتا تھا۔

بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 9 ایف پکوڑا چوک کے قریب مکان سے ایک اور نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 21 سالہ محمد اعظم کے نام سے کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں نوجوان نے گھر میں موجود چادر سے پھندا بنا کر گلے میں ڈال کر خودکشی کی۔ متوفی بیروزگار اور مالی تنگدستی کی وجہ سے کافی پریشان اور دل برداشتہ تھا ۔

تیسرے واقعے میں شریف آباد کے علاقے لیاقت آباد الکرم اسکوائر بلاک 2 میں واقع فلیٹ سے ایک نوجوان کی گلے میں پھندا لگی ہوئی لاش ملی۔ متوفی کی شناخت 30 سالہ ارشان کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے تینوں واقعات کے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔