لاہورعجائب گھر میں نوادرات کی مزید 6 گیلریاں فعال

آصف محمود  منگل 27 ستمبر 2022
عجائب گھرصدیوں پرانی تاریخ اورتہذہب وتمدن میں جھانکنے کے لئے ایک کھڑکی کاکام دیتے ہیں۔

عجائب گھرصدیوں پرانی تاریخ اورتہذہب وتمدن میں جھانکنے کے لئے ایک کھڑکی کاکام دیتے ہیں۔

 لاہور: پاکستان میں سیاحت کے فروغ اورقدیم تہذیب وثقافت میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے لاہورعجائب گھر میں نوادرات کی مزید 6 گیلریاں فعال کردی گئی ہیں جن میں سکھ عہد، وادی سندھ کی تہذیب، چین کی تہذیب، ٹیکسٹال،علاقائی تمدن اور جنرل کولیکشن کی گیلریاں شامل ہیں۔

عجائب گھرصدیوں پرانی تاریخ اورتہذہب وتمدن میں جھانکنے کے لئے ایک کھڑکی کاکام دیتے ہیں۔ لاہورعجائب گھر میں جہاں کئی تہذیبوں سے جڑی نوادرات کا خزانہ محفوظ ہے وہیں اب علاقائی تمدن، سکھ عہد، وادی سندھ کی تہذیب، ٹیکسٹائل ،جنرل گیلری اورچائنہ کی تہذہب وثقافت کی گیلریاں فعال کی گئی ہیں۔ جس سے یہاں آنیوالوں سیاحوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

ایک خاتون ربیعہ عاصم نے کہا وہ کئی بارلاہورمیوزیم میں آچکی ہیں اورہربارانہیں کچھ نیادیکھنے کوملتاہے۔ یہاں ایک ،ایک نوادرات کے پیچھے صدیوں پرانی تاریخ جڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب لاہورمیوزیم میں جو نئی گیلریاں فعال کی گئی ہیں خاص طور پرچائنہ کے حوالے سے تویہ ایک بہت اہم اقدام ہے، چین ہمارا دوست ملک ہے، ان نوادرات کے ذریعے ہمیں چین کی تہذیب وثقافت کوسمجھنے کاموقع ملے گا۔

ایک اورخاتون سیاح سارہ شفیق کاکہنا تھا انہیں پاکستان کے علاقائی تمدن کی گیلری بہت پسند آئی ہے۔ چند منٹوں میں آپ پنجاب، سندھ، بلوچستان ،کےپی اورگلگت بلستان کے قدیم کلچراورثقافت کو ماڈلز کے ذریعے سمجھ سکتے ہیں، وہاں کے لوگوں کے رہن سہن، پہناوؤں بارے جان سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ میوزیم طالب علموں خاص طوپرتاریخ،جغرافیہ اورآرکیالوجی کے طلبا کے لئے بہت اہم ہے۔

لاہورعجائب گھرپاکستان کا سب سے قدیم اوربڑامیوزیم ہے جہاں 60 ہزارسے زائد نوادرات محفوظ ہیں۔ یہاں روزانہ سینکڑوں ملکی اورغیرملکی سیاح آتے ہیں۔

عجائب گھرکے ڈائریکٹراعجازاحمد منہاس نے ایکسپریس نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا نئی گیلریوں میں جو نوادرات سجائی گئی ہیں یہ کئی دہائیوں سے میوزیم کے سٹور روم میں محفوظ تھیں۔ ان میں ملکہ وکٹوریہ کی ذاتی ڈائری، رستم زمان گاماپہلوان کا پیالہ ،چادر،دیواربرلن کے ٹکڑے اورغلاف کعبہ کے ٹکڑے قابل ذکرہیں۔

کئی نوادرات ملک کی ایک معروف شخصیت حفظ الرحمن نے لاہورمیوزیم کو عطیہ کی تھیں جبکہ بعض نوادرات لاہورمیوزیم کو تحفے کے طورپرملی تھیں۔ اعجازاحمد منہاس کے مطابق کورونا وبا کے بعد سے لاہورمیوزیم میں آنیوالے سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہواہے۔ غیرملکی سیاح خاص طورپر بدھ بھکشوؤں کے کئی وفود لاہورعجائب گھرکا وزٹ کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔