پاکستان نے امن کیلیے عظیم قربانیاں دیں، جنرل ندیم رضا

خالد محمود  جمعـء 30 ستمبر 2022
پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے، فارغ التحصیل کیڈٹس سے خطاب ۔  فوٹو : فائل

پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے، فارغ التحصیل کیڈٹس سے خطاب ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضانے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے آئیڈیل پر قائم ہے۔

پاکستانی قوم اور ہماری مسلح افواج نے علاقائی استحکام اور عالمی امن کیلیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہیں اور کسی بھی ملک کو غیر مستحکم علاقائی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز میں یہ یاد رکھیں کہ آپ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی ایک بھاری ذمے داری اپنے کندھوں پر اٹھانے جا رہے ہیں  لہٰذا، امن اور جنگ دونوں صورتوں میں یہ آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ آپ مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔

ایسا کرنے کے لیے آپ کو ہمارے عظیم پیشروں کی شجاعت کے کارناموں سے اپنے جذبوں کو تحریک دینی ہے اور پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے، اس سے قبل پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں 146ویں جی ڈی(پی)، 92ویں انجینئرنگ، 102ویں ایئر ڈیفنس، 92، 94ویں رائل سعودی ایئر فورس انجینئرنگ کیڈٹس کے کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، پاسنگ آٹ پریڈ کی تقریب میں کل 115ایوی ایشن کیڈٹس، 10 جنٹلمین کیڈٹس ، 22رائل سعودی ایئر فورس کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔

مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو برانچ انسگنیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے گریجویٹس کو ٹرافیوں سے نوازا، جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسر صبیح الدین نے اپنے نام کی جبکہ انجینئرنگ ڈسپلن میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سکواڈرن انڈر آفیسر محمد ثاقب شیر کو دی گئی۔

فلائنگ ٹریننگ میں شاندار کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف بہترین پائلٹ ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ احسن علی خٹک نے اپنے نام کی، 92ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کورس کی بہترین الائیڈ کیڈٹ ٹرافی رائل سعودی ائیر فورس کے کیڈٹ فہد مبارک الجوہانی نے جیتی جبکہ 94ویں رائل سعودی ائیر فورس کیڈٹس کورس کی بہترین الائیڈ کیڈٹ ٹرافی رائل سعودی ائیر فورس کے کیڈٹ ولید خالد عبداللہ الترکی کو دی گئی، کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی تلوار ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر محمد ثاقب شیر نے حاصل کی جبکہ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ محمد سعد بنگش کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔